۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
حرم امام رضا

حوزہ/ حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کے لئے برصغیر پاک وہندکے زائرین ایران آمد کے ساتھ ہی ریمدان بارڈر،میرجاوہ بارڈر اور زائرین کی آمد و رفت کے راستوں پر لگائے گئے 8 موکبوں نے زائرین کو خدمات اور سہولیات دینا شروع کر دی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے رضوی سروس سینٹرز کے ڈائریکٹر داد خدا خدا یارنے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ برصغیر اورپاکستانی زائرین کے قافلے کربلائے معلی میں چہلم امام حسین علیہ السلام منانے کے لئے ایران کی جنوب مشرقی سرحدوں کی طرف رواں دواں ہیں،صوبہ سیستان و بلوچستان میں اعزازی خدمت کرنے والے افراد عوامی سطح پرلگائے گئے موکبوں کے علاوہ امام رضا(ع) کے نام سے لگائے جانے والے 8 موکبوں کے ذریعہ ان زائرین کو خدمات اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ8 موکب ریمدان بارڈر،میرجاوہ بارڈر،چابہارکے مختلف شہروں،کنارک،نیک شہر،ایرانشہر،خاش اورزاہدان میں لگائے گئے ہیں جہاں پر زائرین کو رہائش کے ساتھ ساتھ چائے اور کھانے فراہم کئے جارہے ہيں ۔

جناب خدایار نے بتایا کہ توقع کی جارہی ہے کہ اس سال ملک کی جنوب مشرقی سرحدوں (ریمدان اور میرجاوہ بارڈر) سے ایک لاکھ سے زائد زائرین ایران میں داخل ہوں گے جو ایران سے گزرتے ہوئے چہلم امام حسین علیہ السلام کے لئے عراق جائیں گے اور عراق سے واپسی پر حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہونے ک لئے مشہد مقدس تشریف لائیں گے۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ پیشین گوئی کے مطابق حضرت امام علی رضا(ع) کے نام پر لگائے گئے چائے خانوں اور موکبوں کے ذریعہ روزانہ تین سے سات ہزار زائرین کی پذیرائی کی جائے گی،اس سلسلے میں رضوی سروس سینٹر کے اعزازی خادموں کے علاوہ عوامی سطح پر بھی لوگ زائرین امام حسین علیہ السلام کی خدمت میں مشغول ہیں ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .