جمعہ 15 اگست 2025 - 18:39
عزاداری سید الشہدا (ع) دین خدا کی بقا کی ضامن ہے، عزاداری میں رکاوٹ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں

حوزہ / شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: عزاداری سید الشہدا (ع) دین خدا کی بقا کی ضامن ہے۔ امام حسین علیہ السلام  نکتہ وحدت اُمت اور مظلوم کی حمایت اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا نام ہے۔ اسرائیل غزہ اور فلسطین میں ظلم کر رہا ہے، اسرائیل و امریکہ جس انداز میں امت مسلمہ کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے مرکزی جلوس چہلم امام حسین (ع) میں شرکت کے موقع پر علامہ فرحت عباس جوادی، مولانارضا محمد خان، مولانا قمر عباس جعفری، مولانا عبدالمجید اور علی عباس نقوی کے ہمراہ کمیٹی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ملک بھر میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم نہایت عقیدت و احترام و مذہبی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: عزاداری سید الشہدا (ع) دین خدا کی بقا کی ضامن ہے، عزاداری میں رکاوٹیں ڈالنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ، حسین (ع) نکتۂ وحدت اُمت اور مظلوم کی حمایت اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا نام ہے۔ چہلم امام حسین علیہ السلام میں صرف شیعہ شریک نہیں ہوتے بلکہ تمام مسالک اور تمام مذاہب کے لوگ شریک ہوتے ہیں اور ان کی شرکت اتحاد بین المسلمین کی واضح مثال اور نواسہ رسول اکرم (ص) سے اظہارِ عشق ہے کیونکہ امام حسین علیہ السلام نے اسلامی اقدا ر کو زندہ کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: صوبائی حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں لیکن حکومت کی جانب سے عزاداری سید الشہدا علیہ السلام میں رکاوٹیں ڈالنا ہمیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے، دو روز قبل پنجاب حکومت سے بڑے تفصیلی مذاکرات ہوئے جس میں وزرا، ہوم سیکرٹری، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جیز و دیگر اداروں کے سربراہان موجود تھے۔ تین گھنٹے کی میٹنگ میں مثبت گفتگو ہوئی اور انہیں بتایا گیا کہ عزاداری کسی کے خلاف نہیں لہذا اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ پنجاب میں بعض مقامات پر عزاداروں کی بلاوجہ اور خلاف آئین و قانون گرفتاریاں ہوئی تھیں جس پر پنجاب انتظامیہ نے بہت سے گرفتار عزاداروں کو رہا کر دیا لیکن کل سے پھر عزاداروں کی گرفتاریاں سننے میں آرہی ہیں جو درست اقدام نہیں اس سلسلے میں ابھی کچھ دیر پہلے ہوم سیکرٹری پنجاب سے رابطہ ہوا ہے جس پر انہوں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ امید ہے کہ تمام مسائل خوش اسلوبی سے طے ہو جائیں گے۔

علامہ عارف واحدی نے آخر میں کہا: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام ہے کہ عزادار پر امن لوگ ہیں ہم نے پاکستان میں اتحادو وحدت کے فروغ کیلئے بنیادی کردار ادا کیا ہے اور ہم اس جدو جہد کو جاری رکھیں گے،عزاداری میں کوئی رکاوٹ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha