پیر 1 ستمبر 2025 - 12:31
امام حسن عسکریؑ نے امت کو غیبت کے دور کے لیے تیار کیا: حجۃ الاسلام عسکری امام خان

حوزہ/ شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے حوزہ نیوز ایجنسی نے پونہ کے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عسکری امام خان خصوصی گفتگو کی، جس میں انہوں نے امامؑ کی سیرت، ان کے علمی و سیاسی پہلوؤں، اور ظہور امام مہدی علیہ السلام کے سلسلے میں امام عسکری علیہ السلام کے ارشادات پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے حوزہ نیوز ایجنسی نے پونہ کے ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عسکری امام خان خصوصی گفتگو کی، جس میں انہوں نے امامؑ کی سیرت، ان کے علمی و سیاسی پہلوؤں، اور ظہور امام مہدی علیہ السلام کے سلسلے میں امام عسکری علیہ السلام کے ارشادات پر روشنی ڈالی۔

مولانا نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی مختصر عمر میں ایسے گہرے نقوش چھوڑے جو آج بھی امت کے لیے نجات کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کا علمی مقام انتہائی بلند تھا۔ آپ نے قرآن، فقہ، کلام اور اخلاق کے میدانوں میں اپنے شاگردوں کی تربیت کی اور عباسی حکومت کی سخت نگرانی کے باوجود خطوط اور نمائندوں کے ذریعے اپنے شیعوں تک علم اور ہدایات پہنچائیں۔

مولانا عسکری امام خان نے سیاسی و سماجی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام علیہ السلام کا دور عباسی جبر و استبداد کا زمانہ تھا۔ حکمرانوں کو یہ خوف لاحق تھا کہ امام مہدی علیہ السلام کی ولادت ہو چکی ہے اور وہ ان کے باطل نظام کو ختم کر دیں گے، اسی وجہ سے امام عسکری علیہ السلام کو نظر بند رکھا گیا۔ ان حالات میں بھی امام نے اپنے ماننے والوں کو مربوط رکھا اور انہیں فکری و اعتقادی طور پر مضبوط کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے ایک مضبوط نیٹ ورک کے طور پر وکلاء اور نمائندے مقرر کیے جو شیعہ معاشرے سے رابطے میں رہتے تھے، یہی نظام بعد میں غیبت صغریٰ کے لیے بنیاد ثابت ہوا۔ امام نے اپنے ماننے والوں کو نصیحت فرمائی کہ دین پر ثابت قدم رہیں، علماء کی پیروی کریں اور اپنے کردار کے ذریعے اسلام کی صحیح تصویر پیش کریں۔

ظہورِ امام مہدی علیہ السلام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عسکری امام خان نے کہا:

"امام حسن عسکری علیہ السلام نے اپنے اصحاب کو بارہا بتایا کہ خدا کی حجت دنیا میں موجود ہے اور وہ غیبت کے بعد ظہور کریں گے۔ آپ نے امت کو تسلی دی کہ اگرچہ غیبت کا زمانہ مشکل ہوگا لیکن خدا اپنے ولی کی حفاظت کرے گا اور آخرکار دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا۔"

آخر میں نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے مولانا عسکری امام خان نے کہا:

"نوجوانوں کو چاہیے کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت کو صرف ایک تاریخی باب نہ سمجھیں بلکہ اپنی زندگی کا رہنما اصول بنائیں۔ آج کے دور میں جب فکری اور اخلاقی انحراف عام ہیں، نوجوانوں کو علم دین حاصل کرنا، اپنے کردار کو سنوارنا اور معاشرے میں عدل و خیر کے علمبردار بننا چاہیے۔ امام کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ مشکلات کے باوجود ایمان پر ثابت قدم رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha