۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
مدرسہ علمیہ علوی قم

حوزہ/ مدرسہ علمیہ علوی قم میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت پر عظیم الشان محفل مقاصدہ کا انعقاد۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر مدرسہ علمیہ علوی قم میں ایک عظیم الشان محفل مقاصدہ منعقد ہوئی، جس میں ہندوستان، پاکستان، اور ایران کے معروف علماء، خطباء، شعراء اور دانشوران نے شرکت کی۔ اس بابرکت تقریب میں امام حسن عسکری علیہ السلام کی حیات طیبہ اور ان کے فضائل و مناقب کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

محفل کا آغاز ننھے حافظ سید محمد ایمان سلمہ نے بہترین قرائت قرآن سے کیا، جس کے بعد حافظ تصور عباس نے دلنشین انداز میں تلاوت قرآن سے باضابطہ طور پر محفل کا آغاز کیا۔ محفل کی نظامت کے فرائض مدرسہ کے ہونہار طالب علم حافظ سید مرتضی حسین رضوی نے انجام دیے۔ انہوں نے یکے بعد دیگرے مختلف شعراء کو مدعو کیا، جنہوں نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی شان میں اپنا کلام پیش کیا۔

سید محمد رضا مشرقین نے اپنے کلام میں امام حسن عسکری علیہ السلام کی شخصیت کے نورانی پہلو کو یوں بیان کیا:

آسمانِ فکر پر پھیلا ہے نورِ عسکری

سر زمینِ قم پہ ہے جشن و سرورِ عسکری

اسی طرح حافظ سید مرتضی حسین رضوی نے اپنے اشعار میں امام کی مدح سرائی کرتے ہوئے کہا:

نقی رہ رہ کے کرتے ہیں تلاوت چشمِ اُلفت سے

رخِ مولود گویا ہو بہو قرآں کی صورت ہے

دیگر شعراء جیسے حافظ و قاری سید عامر عباس رضوی، عباس ثاقب نے بھی امام حسن عسکری علیہ السلام کی عظمت اور محبت میں اپنے کلام پیش کر کے محفل میں موجود علماء اور طلاب کو محظوظ کیا۔

مدرسہ علمیہ علوی کے سرپرست، مولانا سید مسعود اختر رضوی نے مختصر تقریر میں امام حسن عسکری علیہ السلام کے ایک تاریخی واقعہ پر روشنی ڈالی، جس میں امام کے علم نے قرآن کے دشمن اسحاق کندی کو اپنی گمراہ کن کتاب کو نذر آتش کرنے پر مجبور کیا۔

حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد علی رضائی اصفہانی، جو مدرسہ قرآن و حدیث کے مدیر ہیں، نے اپنے خطاب میں امام حسن عسکری علیہ السلام کے ایک قول کی روشنی میں قرآن کی عظمت اور غور و فکر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "زیادہ نماز اور روزہ رکھنے کا نام عبادت نہیں، بلکہ غور و فکر اور تدبر کرنا بھی عبادت کا حصہ ہے۔"

محفل کے اختتام پر حفاظ کی حوصلہ افزائی کے لیے مولانا مدیر مدرسہ ڈاکٹر سید مجتبی رضوی، مسؤول آموزش مولانا سید جنت شاہ، اور دیگر معززین نے خصوصی پیغامات دیے۔ اس بابرکت تقریب میں مولانا قیصر اقبال، مولانا عامل مظاہری، مولانا اقبال حیدر حیدری، حافظ حسین صالحی، مولانا ایلیا عباس، اور مولانا فرحت عباس سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

یہ محفل امام حسن عسکری علیہ السلام کی عظمت و منزلت کو اجاگر کرنے اور قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کے ساتھ ختم ہوئی۔

مدرسہ علمیہ علوی قم میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت پر عظیم الشان محفل مقاصدہ کا انعقاد

تبصرہ ارسال

You are replying to: .