بدھ 3 ستمبر 2025 - 15:27
علم، اخلاق اور توکل ہی طالبعلمی کی اصل روح ہیں: آیت اللہ ناصری

حوزہ/ امام جمعہ یزد آیت اللہ ناصری نے کہا کہ طالبعلمی کا سب سے بڑا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ انسان علم حاصل کرے، اپنے عمل اور اخلاق سے نکھرے اور دوسروں کو خدا کی طرف رہنمائی کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یزد میں مدرسہ مدینہ العلم کاظمیہ کے نئے داخلہ لینے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں اسلام کی عزت بڑھ رہی ہے اور بالخصوص نوجوان یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اسلام کیا ہے۔ اس عزت و عظمت کو ہم امام خمینیؒ کے مرہونِ منت ہیں جنہوں نے انقلاب برپا کرکے اسلام کو نئی زندگی بخشی۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی خلقت بیکار نہیں بلکہ مقصد کے تحت ہے۔ خداوندِ حکیم نے پوری کائنات کو انسان کی تکمیل اور سعادت کے لیے بنایا ہے، اور اس کی ہدایت کے لیے انبیا اور ائمہ کو بھیجا۔ علما اسی مشن کے وارث ہیں، ان پر لازم ہے کہ اپنی تعلیم اور کردار سے لوگوں کو خدا کے قریب کریں۔

آیت اللہ ناصری نے علم کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ روایات میں طالب علم کی فضیلت بے حد آئی ہے۔ انہوں نے طلاب کو نصیحت کی کہ اپنی زندگی کو منظم کریں، وقت ضائع نہ کریں اور بندگیِ خدا کو اپنا مقصد بنائیں۔

انہوں نے اپنی طالبعلمی کے دنوں کی ایک یاد دہراتے ہوئے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود میں نے اپنے رزق و روزی کا معاملہ خدا کے سپرد کیا اور کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا۔ خدا خود طالب علم کی روزی کی ضمانت لیتا ہے۔

آخر میں انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ دل لگا کر پڑھیں، خدا پر بھروسہ رکھیں، اخلاق کو سنواریں، گناہوں سے بچیں اور صرف حلال پر اکتفا کریں۔ ساتھ ہی عبادت، تفریح اور ورزش کو بھی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ایک ہمہ جہت اور مفید انسان بن سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha