اتوار 7 ستمبر 2025 - 23:54
میلاد النبیؐ کی پرمسرت ساعتوں میں جامعۃ الکوثر کی جانب سے سیلاب متاثرین کی خدمت

حوزہ/ علمائے کرام کی اس کاوش نے عوام الناس کو یہ پیغام دیا کہ دینِ اسلام صرف عبادات اور رسومات کا نام نہیں بلکہ مشکل وقت میں بھائی چارہ، ایثار اور ہمدردی ہی حقیقی اسلامی روح کی ترجمانی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادتِ باسعادتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیوں اور بابرکت ساعتوں میں جہاں دنیا بھر میں مسلمان جشن و سرور میں مصروف ہیں، وہیں جامعۃ الکوثر اسلام آباد نے اس موقع کو خدمتِ خلق اور انسان دوستی کے جذبے سے منسوب کیا۔ جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ نے اپنے علمی و تبلیغی فرائض کے ساتھ ساتھ سیلاب زدہ مسلمان بھائیوں کی دلجوئی اور عملی مدد کو اپنی ترجیح قرار دیا۔

علامہ انور علی نجفی اور علامہ انتصار حیدر جعفری کی براہِ راست سرپرستی میں جامعۃ الکوثر کے اساتذہ و فضلاء چنیوٹ اور اس کے مضافات میں شب و روز متاثرہ مومنین کی خبرگیری اور ضروریات کی تکمیل کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ اس خدمت میں متاثرین کے لیے کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، ادویات اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔

علمائے کرام کی اس کاوش نے عوام الناس کو یہ پیغام دیا کہ دینِ اسلام صرف عبادات اور رسومات کا نام نہیں بلکہ مشکل وقت میں بھائی چارہ، ایثار اور ہمدردی ہی حقیقی اسلامی روح کی ترجمانی ہے۔ سیلاب متاثرین کی خدمت میں علماء کا عملی طور پر شامل ہونا نہ صرف مظلوم و محروم طبقے کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ حوزہ علمیہ کے فرزند، ملت کے دکھ درد میں ہمیشہ پیش پیش ہیں۔

میلاد النبیؐ کی پرمسرت ساعتوں میں جامعۃ الکوثر کی جانب سے سیلاب متاثرین کی خدمت

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha