منگل 9 ستمبر 2025 - 12:47
ایران میں وحدت نے دشمن کے خواب چکنا چور کر دیے، اہل سنت ایران نے صیہونی سازش ناکام بنائی: مولوی اسحاق مدنی

حوزہ/ صدرِ اعلیٰ کونسل مجمعِ جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی، مولوی اسحاق مدنی نے کہا کہ حالیہ صیہونی جنگ میں ایران کے خلاف دشمنوں کا سب سے بڑا وہم یہ تھا کہ ایران کے اہل سنت حملہ آوروں کا ساتھ دیں گے، لیکن یہ خواب جلد ہی چکنا چور ہوگیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ اعلیٰ کونسل مجمعِ جہانی تقریب تقریب مذاہبِ اسلامی، مولوی اسحاق مدنی نے ایرانی وزارتِ خارجہ کے زیر اہتمام 39ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں کے ساتھ مشاورتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ صیہونی جنگ میں ایران کے خلاف دشمنوں کا سب سے بڑا وہم یہ تھا کہ ایران کے اہل سنت حملہ آوروں کا ساتھ دیں گے، لیکن یہ خواب جلد ہی چکنا چور ہوگیا۔ ایران کے اہل سنت علماء نے، خواہ بڑے ہوں یا چھوٹے، یک زبان ہو کر اس جنگ کی مذمت کی اور اپنی بھرپور حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت نے دشمنوں کو ہمیشہ کے لیے مایوس کردیا ہے۔ "اس جنگ کا ایک اور نتیجہ یہ نکلا کہ امت مسلمہ اور دنیا کے ممتاز علماء نے پہلے سے زیادہ ایران کی حمایت کا اعلان کیا۔ حتیٰ کہ بعض ایسی شخصیات جو ماضی میں مختلف مؤقف رکھتی تھیں، آج اسلامی جمہوریہ ایران کے حامیوں کی صف میں شامل ہو گئی ہیں۔"

مولوی مدنی نے مزید کہا کہ اس بار وحدت کانفرنس میں مہمانوں کے درمیان ایران کے نظام کے لیے زیادہ محبت اور صمیمیت دیکھی جارہی ہے۔

انہوں نے جنگ کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی کے کردار کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جب صیہونی دشمن نے اچانک جنگ کا آغاز کیا تو رہبر انقلاب نے نہایت تیز رفتاری کے ساتھ شہید کمانڈروں کے جانشین مقرر کیے تاکہ جنگ کے دوران کسی بھی طرح کا خلل پیدا نہ ہو۔ یہ حکمت و شجاعت رہبر انقلاب کی عظیم شخصیت اور استقامت کو واضح کرتی ہے۔"

مولوی اسحاق مدنی نے صیہونی دعووں کی حقیقت بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ "پہلے یہ پروپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ ایک پَر تک اسرائیل کی سرزمین پر نہیں گر سکتا، لیکن اس جنگ نے ثابت کیا کہ ایران ان کی سرحدیں عبور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر دشمن دوبارہ ایسی غلطی کرے اور ایران کو جنگ پر مجبور کرے تو اس بار ایران کی کارکردگی کہیں زیادہ شاندار ہوگی۔"

آخر میں انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں قائم ہونے والی وحدت جو آج کئی اسلامی ممالک میں بھی نظر آ رہی ہے، وہ قائم و دائم رہے۔ "خداوند متعال رہبر معظم انقلاب کو امت اسلامیہ اور ملت ایران کے لیے سلامت رکھے اور مسلمانوں کی عزت و کرامت میں اضافہ فرمائے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha