حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمی شیخ بشیر حسین نجفی کے فرزند اور ان کے مرکزی دفتر کے سربراہ شیخ علی نجفی نے جامعۃ الازہر کے اساتذہ، بصرہ سے آئے ہوئے علماء اور مسیحی مذہبی شخصیات پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ دور میں امتِ مسلمہ کو درپیش فکری اور اخلاقی چیلنجوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حجت الاسلام شیخ علی نجفی نے کہا کہ دین اور اس کی اقدار کے خلاف چلنے والی مہمات محض اتفاقیہ نہیں بلکہ ایک منظم منصوبے کا حصہ ہیں، جن کا مقصد نئی نسل میں شبہات پیدا کر کے دینی شناخت کو کمزور کرنا اور معاشرتی اتحاد کو توڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مخصوص نظامات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے اخلاقی اقدار کو نشانہ بنا کر ایسے ماحول کو فروغ دے رہے ہیں جو بیرونی طاقتوں کے سیاسی و اقتصادی مفادات کے لیے سازگار ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن طاقتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ دین ہی وہ مضبوط دیوار ہے جس نے ماضی میں ان کی سازشوں کو ناکام بنایا، اسی لیے آج وہ براہِ راست مذہبی بنیادوں پر حملہ آور ہیں۔
حجت الاسلام شیخ علی نجفی نے زور دیا کہ ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امت کو بیدار رہنا، دینی اصولوں سے وابستہ رہنا اور صفِ واحد میں متحد ہو کر فکری و اخلاقی استحکام کی حفاظت کرنی ہوگی۔









آپ کا تبصرہ