بدھ 15 اکتوبر 2025 - 18:53
وقف املاک کا تحفظ امتِ مسلمہ کا اجتماعی فریضہ ہے: امیر جماعت اسلامی ہند

حوزہ/ جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں اوقاف کے ڈاکومنٹیشن اور رجسٹریشن کے لیے سینٹرل ہیلپ ڈیسک کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے انجام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں اوقاف کے ڈاکومنٹیشن اور رجسٹریشن کے لیے سینٹرل ہیلپ ڈیسک کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے انجام دیا۔

یہ اقدام اس پس منظر میں کیا گیا ہے کہ حکومتِ ہند نے وقف قانون میں ترمیم کر کے نیا وقف قانون 2025 منظور کیا ہے، جسے ماہرین اور دینی ادارے مسلم اوقاف کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔ اس قانون کے تحت تمام پرانی اور نئی وقف جائیدادوں کو "امید" نامی سرکاری پورٹل پر رجسٹرڈ کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں شعبۂ اوقاف کے کوآرڈینیٹر انعام الرحمان خان نے بتایا کہ "امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کا رجسٹریشن ایک پیچیدہ اور وقت طلب عمل ہے، اسی لیے جماعت اسلامی ہند نے اوقاف کے ذمہ داران اور متولیان کی سہولت کے لیے یہ ہیلپ ڈیسک قائم کی ہے، جہاں رجسٹریشن کے تمام مراحل میں تکنیکی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اس کام کو منظم طریقے سے انجام دینے کے لیے ریاستی سطح پر وقف سیلز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ پورے ملک میں اوقاف کے تحفظ اور رجسٹریشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھے۔

امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقف املاک کا تحفظ امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس کا مقابلہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "رجسٹریشن کا مقصد حکومت کے غیر منصفانہ ترمیمی قانون کو قبول کرنا نہیں، بلکہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اس کالے قانون کے خلاف آئینی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ "وقت کم ہے اور کام بہت بڑا، اس لیے ملک بھر میں اسی نوعیت کے مراکز قائم کر کے رجسٹریشن کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔"

اس موقع پر شرکاء سے اپیل کی گئی کہ وہ وقف تحفظ کمیٹیاں قائم کریں، نوجوانوں، سرکاری ملازمین اور سماجی کارکنان پر مشتمل نیٹ ورک تشکیل دیں، تاکہ وقف املاک پر ناجائز قبضوں کی نگرانی اور ان کی دستاویزات کی درستی و رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔

افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی ہند کے مرکزی ذمہ داران، اراکین، اور اوقاف سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اوقاف کے رجسٹریشن کے لیے رہنما اصول اور گائیڈ لائن بھی جاری کی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha