اتوار 28 دسمبر 2025 - 19:27
اعتکاف ایک فکری عبادت ہے: حجت‌الاسلام پناہیان

حوزہ/ ایران کے معروف خطیب اور عالمِ دین حجت‌الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان نے اعتکاف کو ایک فکری اور اجتماعی عبادت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کا اعتکاف، جس انداز سے ایران میں انجام دیا جاتا ہے، دنیا کے بہت سے حصوں میں اپنی مثال نہیں رکھتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے معروف خطیب اور عالمِ دین حجت‌الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان نے اعتکاف کی معنوی گہرائی اور روحانی خوبصورتی پر زور دیا اور کہا کہ اس عبادت کی مزید ترویج کی ضرورت ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ بہت سی مرکزی مساجد اپنی محدود گنجائش کے باعث زیادہ معتکفین کو قبول کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ جو افراد گزشتہ برسوں میں اعتکاف کا تجربہ کر چکے ہیں، وہ زیادہ پرہجوم مساجد میں رجسٹریشن سے اجتناب کریں تاکہ نئے افراد کو یہ موقع مل سکے۔

حجت‌الاسلام پناہیان نے کہا کہ بعض مساجد میں اعتکاف کا رجسٹریشن نہایت مختصر وقت میں مکمل ہو جاتا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ عوام، بالخصوص نوجوانوں میں اس عبادت کے لیے غیر معمولی شوق پایا جاتا ہے، اور یہ رجحان قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے اعتکاف کی ماہیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعتکاف محض ایک رسمی عبادت نہیں بلکہ ایک “فکری عبادت” ہے، جو انسان کو سوچ، خودسازی اور اجتماعی شعور کی طرف لے جاتی ہے۔ ان کے مطابق، اس سطح کی عبادت ہماری قوم کے شایانِ شان ہے اور اسے ایک بڑی نعمت سمجھنا چاہیے۔

حجۃالاسلام پناہیان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اعتکاف کے بعد اس کے عملی و سماجی اثرات کو مضبوط ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معتکفین کو چاہیے کہ اعتکاف کے دوران حاصل ہونے والے روحانی تجربات اور سیکھے گئے آداب کو مسجدی زندگی میں منتقل کریں، تاکہ مساجد کی معنوی فضا مزید مضبوط ہو، نوجوانوں کی شمولیت بڑھے اور مسجد محلے کے سماجی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اعتکاف صرف فرد اور خدا کے درمیان تعلق کی بہتری تک محدود نہیں، بلکہ اس کا مقصد اجتماعی زندگی کو تقویت دینا بھی ہے۔ اسی لیے اسلام نے اعتکاف کے لیے جامع مسجد کو ترجیح دی ہے، تاکہ انسان معاشرے کے اندر رہتے ہوئے خدا سے قرب حاصل کرے اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور بھی بیدار ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha