بدھ 31 دسمبر 2025 - 11:32
اعتکاف نے معاشرے میں روحانیت کو زندہ کر دیا: آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے اعتکاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو معاشرے میں دین و معنویت کی پیش رفت کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معتکفین کی تعداد میں اضافہ اور مساجد کی وسعت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں روحانی فضا مضبوط ہو رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے اعتکاف کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین تکیہ ای اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران اس سال اعتکاف میں نمایاں اضافے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعتکاف کی کمّیت اور کیفیت میں ترقی کو ایک بڑی بشارت اور ملک کے لیے باعثِ امید قرار دیا۔

آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ اعتکاف ہمارا ایک اہم معنوی سرمایہ ہے اور خاص طور پر نوجوانوں کی اس عبادت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ الحمدللہ ملک میں روحانیت غالب آ چکی ہے۔ ان کے مطابق معتکفین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان مساجد میں اضافہ جہاں اعتکاف منعقد ہو رہا ہے، معاشرے میں دین و مذہب کے فروغ کی روشن دلیل ہے

انہوں نے اعتکاف کے منتظمین کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس عبادت کی روحانی فضا کو ہر حال میں محفوظ رکھا جائے اور پروگرام ایسے ہوں جو بامقصد اور مؤثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ آنے والے برسوں میں اعتکاف کے یہ مراسم پورے ملک پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔

آخر میں حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے تمام معتکفین کو، بالخصوص نوجوانوں کو مبارک باد پیش کی اور فرمایا کہ وہ دل سے سب کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ اس عبادت کے صدقے معتکفین کی مشکلات کو دور فرمائے گا۔

اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین تکیہ ای، سربراہ اعتکاف کمیٹی، نے اعتکاف کے انعقاد، اس کے سماجی و اخلاقی اثرات اور ملک بھر میں روحانیت کے فروغ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی اور آیت اللہ مکارم شیرازی کی رہنمائی کو ایمان اور خودسازی کے لیے نہایت قیمتی قرار دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha