حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل صوبۂ پنجاب پاکستان کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی نے کہا ہے کہ ایران ملت اسلامیہ کے سر کا تاج اور غیرت مند ملک ہے؛ جس نے امریکہ اور یورپی ممالک کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، امریکی دھمکیاں اور حملے ایرانی قیادت کو مرعوب نہیں کر سکے، اور نہ ہی آئندہ کرسکیں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا حالیہ بیان قابلِ تحسین ہے جس میں انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ایران یورینیم کی افزودگی اور سول مقاصد کے لیے نیوکلیئر پروگرام پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا، بلکہ امریکی حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ اور تعمیر نو کے کام جلد شروع کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی بہادر قوم، فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے ثابت کیا ہے کہ وہ اسلامی دنیا کی قیادت کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایران نے ہمیشہ اپنی پالیسی سے امت کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔









آپ کا تبصرہ