حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب میں پیر کی صبح ایک نہایت افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی جانب جانے والی زائرین کی بس ایک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی سرکاری اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے میں کم از کم 42 ہندوستانی زائرین کے شہید ہونے کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والوں میں کئی زائرین کا تعلق حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب عمرہ کی ادائیگی کے بعد زائرین کو لے کر بس مکہ سے مدینہ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ مکہ۔مدینہ ہائی وے کو عام طور پر انتہائی مصروف شاہراہ سمجھا جاتا ہے، جہاں مسلسل بھاری ٹریفک رہتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بس تیز رفتار تھی اور سامنے سے آنے والے ڈیزل ٹینکر سے خوفناک ٹکر کے نتیجے میں بری طرح تباہ ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر چکناچور ہو گیا اور متعدد مسافر موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد بس کے اندر کہرام مچ گیا اور متعدد زائرین ملبے میں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں کو سخت جدوجہد کرنا پڑی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سعودی پولیس، سول ڈیفنس، ایمبولینس اور دیگر امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق، شہداء کی شناخت کا عمل جاری ہے اور حتمی تعداد کی سرکاری تصدیق ابھی باقی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانہ بھی مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرین سے متعلق معلومات سے باخبر ہو رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ