حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں جامعۃ المصطفی العالمیہ پاکستان چیپٹر کے اشتراک سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "المیزان فی تفسیر القرآن میں جدید تفسیری رجحانات کی بنیادیں" کے موضوع پر بین الاقوامی فیکلٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرینِ تفسیر نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق سمینار میں علامہ سید محمد حسین طباطبائی کے جدید تفسیری منہج اور المیزان کے فکری رجحانات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔

سمینار کی صدارت ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جبکہ سربراہ شعبہ تحقیق المصطفی یونیورسٹی پاکستان چیپٹر ڈاکٹر محمد کاظم، چیئرمین شعبہ قرآن و تفسیر کلیہ عربی و علوم اسلامیہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ثنا اللہ حسین، چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ، ہائی ٹیک، ٹیکسلا، راولپنڈی ڈاکٹر رب نواز، سابق چیئرمین القرآن وعلومہ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد ڈاکٹر سید آصف محمود بخاری اور فیکلٹی ممبر شعبہ تفسیر المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر رئیس اعظم شاہد نے سمینار سے خطاب کیا۔

خطابات میں علامہ سید محمد حسین طباطبائی کی تصنیف "المیزان فی تفسیر القرآن" کے جدید رجحانات ان کے منہج تفسیر اور فکری اسالیب کے حوالے سے خصوصی بیانات پیش کیے گئے۔
المیزان فی تفسیر القرآن جو عربی زبان میں تصنیف کی گئی۔ اس کا اردو ترجمہ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اور معروف عالم دین علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کیا ہے۔
مقررین نے جدید اسلامی علوم کے تناظر میں المیزان کی معنوی گہرائی، تحقیق افادیت، علامہ طباطبائی کے تفسیری رجحانات اور ان کے استدلالی منہج پر تفصیلی گفتگو کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے علمی مکالمے تحقیق قرآن کے نئے دریچے کھولنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
سیمینار میں اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس کا مقصد تفسیر المیزان کو جدید علمی زاویوں سے سمجھنا، علامہ طباطبائی کی منہج تفسیر کو اجاگر کرنا اور طلبہ کو تحقیق کے نئے رخ متعارف کرانا تھا۔













آپ کا تبصرہ