جمعرات 20 نومبر 2025 - 11:05
آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری کا آیت اللہ بہبہانیؒ کی پچاسویں برسی پر خصوصی پیغام

حوزہ/ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے اہواز میں منعقدہ آیت اللہ میر سید علی بہبہانیؒ کی پچاسویں برسی کی مناسبت سے ایک اہم اور پُرمغز پیغام جاری کیا، جس میں مرحوم مرجع تقلید کی علمی، معنوی، سماجی اور سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے آیت اللہ میر سید علی بہبہانیؒ کی رحلت کی پچاسویں برسی کے موقع پر ایک تفصیلی پیغام میں مرحوم فقیہ و مرجع تقلید کی عظیم الشان شخصیت اور ان کی ہمہ جہت خدمات کو یاد کیا۔ پیغام کے آغاز میں قرآن مجید کی آیت “إِنَّمَا یَخْشَی اللَّهَ مِنْ عِبَادِهِ الْعُلَمَاءُ” کی تلاوت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آیت اللہ بہبہانیؒ کی شخصیت حقیقی مصداقِ خشیتِ الٰہی تھی۔

آیت اللہ مظاہری نے لکھا کہ اہواز اور پورے صوبہ خوزستان میں اس عظیم عالم دین کی علمی، روحانی اور سماجی موجودگی کئی دہائیوں تک روشنی کا منبع و سر چشمہ رہی۔ ان کے مطابق، مرحوم آیت اللہ بہبہانیؒ نہ صرف علومِ دینی، تفسیر، حدیث، فقہ، اصول، رجال اور عربی ادب میں ممتاز مقام رکھتے تھے بلکہ اخلاق، تقویٰ اور اخلاص میں بھی کم نظیر تھے۔ ‘‘مهاجر الی اللہ’’ کی عملی مثال بن کر انہوں نے بہبہان، رامہرمرز، اہواز، بروجرد، اصفہان، نجف اور کربلا تک دین کی تبلیغ اور ہدایتِ خلق کی ذمہ داری نبھائی۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ مرحوم نے خوزستان میں مساجد، مدارس، کتابخانوں اور فلاحی مراکز کے قیام کے ذریعے بے شمار خدمات انجام دیں، جب کہ سیاسی میدان میں بھی انہوں نے طاغوتی نظام کے خلاف جراتمندانہ موقف اختیار کیا اور امام خمینیؒ کی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا۔ آیت اللہ مظاہری نے لکھا کہ اصفہان کی علمی برادری بھی برسہا برس ان کی علمی و تربیتی برکات سے فیضیاب ہوتی رہی۔

انہوں نے دارالعلم آیت اللہ بہبہانیؒ کے منتظمین اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مرحوم کے غیر مطبوعہ علمی آثار کو شائع کیا جائے اور اہلِ خوزستان، علماء اور طلاب ان کی علمی و عملی سیرت سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے مرحوم کی بلندیِ درجات اور مؤمنین کے لیے توفیقاتِ خیر کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha