حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے اصفہان کی جامع مسجد میں شہدا کی یاد میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہادت، خداوند متعال کی طرف سے ایک عظیم عطیہ ہے جو صرف مخلص اور نیک بندوں کو نصیب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہِ خدا میں شہادت دراصل الٰہی و انسانی اقدار کے دفاع میں ایسی قربانی ہے جو انسان کو قربِ الٰہی اور ابدی سعادت تک پہنچا دیتی ہے۔ شہداء نے دنیاوی ظواہر سے گزر کر جہاد فی سبیل اللہ کا راستہ اختیار کیا اور اعلیٰ ترین روحانی مقام حاصل کیا۔
آیت اللہ مظاہری نے کہا کہ شہداء اپنی قربانیوں کے ذریعے ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ موت سے خوف کھانا یا دنیاوی لذتوں کے زوال پر غم کرنا مؤمن کے شایانِ شان نہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ زندہ افراد کو قرآن و عترت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اور خدمتِ خلق کو شعار بناکر، شہداء کے راستے کو جاری رکھنا چاہیے۔
آخر میں مرجع عالی قدر نے شہداء کے اہل خانہ اور اس یادگار تقریب کے منتظمین کی قدردانی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو اپنی راہ میں استقامت، اخلاص اور عملِ صالح کی توفیق عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ