ہفتہ 18 اکتوبر 2025 - 16:44
فلسطینی عوامی مزاحمت کے سامنے دنیا تعظیم کے ساتھ کھڑی ہے

حوزہ/ نائب امام جمعہ تہران حجت الاسلام ابو ترابی فرد نے غزہ کی مزاحمت اور شہدائے مقاومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی استقامت نے غاصب اسرائیلی فوجی و سیکیورٹی نظام کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا اور شہید یحیٰی السنوار عاشوراء کی مزاحمت کی علامت بن گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تہران حجت الاسلام والمسلمین سید محمد حسن ابو ترابی فرد نے گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے خطبوں میں فلسطینیوں کی مزاحمت اور شہدائے مقاومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا فلسطینی عوام کی عظیم الشان مزاحمت کے سامنے تعظیم کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ صیہونی میڈیا خود اپنی اسٹریٹجک شکست کا اعتراف کر رہا ہے۔

نائب امام جمعہ تہران نے کہا کہ غزہ کی مزاحمت ایمان، صبر اور استقامت کی علامت ہے اور شہید یحییٰ سنوار کی تصویر عالمی سطح پر صیہونی افسانوی فوجی طاقت کی شکست کی علامت بن چکی ہے۔

حجت الاسلام ابو ترابی فرد نے طوفان الاقصٰی کو مزاحمتی قیادت کی حکمت و طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی اسرائیلی انٹلیجنس اور سیکیورٹی نظام کو مفلوج کرگئی اور مزاحمتی قوتوں کو مقبوضہ علاقوں میں گہرائی تک رسائی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور مغرب کی طرف سے حماس کو ختم کرنے کے دعوے ناکام ثابت ہوئے اور اسرائیل مذاکرات پر مجبور ہوگیا۔

حجت الاسلام ابو ترابی فرد نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو مزاحمت کے مضبوط ارادے کی فتح قرار دیا اور کہا کہ دشمن تمام تر فوجی و میڈیا طاقت کے باوجود ایک بھی یرغمالی کو آزاد نہ کروا سکا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اندرونی سیاسی بحران، عوامی بے اعتمادی اور اقتصادی دباؤ کا شکار ہے۔ اکتوبر 2023ء سے جاری جنگوں کے اخراجات کئی سو ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

خطیبِ نمازِ جمعہ تہران نے حزب الله، یمن، عراق اور شام کی مزاحمتی قوتوں کو استکباری طاقتوں کے خلاف فیصلہ کن قوت قرار دیا اور کہا کہ محورِ مزاحمت ہی صیہونی عزائم کی ناکامی کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ تجربات نے ثابت کر دیا ہے کہ عوامی استقامت، سیاسی و اقتصادی دباؤ اور مزاحمتی اتحاد نے خطے کے حالات کو بدل دیا ہے اور مظلوموں کے ارادے کی فتح قریب ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha