حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران آج دنیا کی دس بڑی ایٹمی طاقتوں میں شامل ہے اور دشمنوں کے دباؤ کے باوجود اسلامی جمہوریہ نے ایٹمی میدان میں وہ مقام حاصل کیا ہے جو قومی عزت، خودکفالت اور سائنسی پیشرفت کی علامت ہے۔
انہوں نے یہ بات قم میں یونیورسٹی حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا اور کمپنی برائے ترقیِ ٹیکنالوجیِ پلاسما کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
محمد اسلامی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت عنقریب قم کے ایک اسپتال میں ایٹمی ٹیکنالوجی پر مبنی زخموں کے علاج کا مرکز قائم کیا جائے گا، جو طبّی شعبے میں ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قم کو درپیش پانی کے بحران کے پیشِ نظر، گندے پانی کی صفائی اور اس کے دوبارہ استعمال کے منصوبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کرے گی، اور اس کے نتائج جلد ہی زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں بھی ظاہر ہوں گے۔
ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ نے واضح کیا کہ ایران آج نہ صرف ایٹمی توانائی کے میدان میں خودکفیل ہے بلکہ ریڈیودوا سازی کے شعبے میں بھی دنیا کے دوسرے یا تیسرے نمبر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلاسما ٹیکنالوجی وہ دروازہ ہے جس کے ذریعے ایٹمی پیشرفت کے ثمرات براہِ راست عوامی زندگی میں داخل ہوں گے، اور یہ پیشرفت ایران کے سائنسی اقتدار کو مزید مستحکم کرے گی۔









آپ کا تبصرہ