جمعہ 17 اکتوبر 2025 - 15:04
شہید مقاومت نے اپنا پورا وجود دین کے لیے وقف کر رکھا تھا / دشمن پر غلبہ پانے کا راز قوی ارادے اور پختہ ایمان میں پوشیدہ ہے

حوزہ / نمائندہ ولی فقیہ برائے سپاہ پاسداران نے کہا: دشمن ہمیں کمزور کرنے اور اپنے تسلط میں لینے کے لیے مختلف میدانوں جیسے فوجی، میزائل، فکری اور علمی میدان میں ہمارے اقتدار کو ختم کرنا چاہتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہید سید حسن نصراللہ اور شہید سنوار کی برسی کے موقع پر "بشارت نصر" کے عنوان سے ایک روزہ اجتماع طلبہ اور یونیورسٹی کے طلباء کی شرکت سے جامعہ قم کے ہال شیخ مفید (رح) میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین عبداللہ حاجی صادقی، نمائندہ ولی فقیہ برائے سپاہ پاسداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا: شہید سید حسن نصراللہ نے اپنا پورا وجود دین کے لیے وقف کر دیا تھا اور وہ ولایت کے معاملے میں محض تابع نہیں بلکہ سراپا متعبد تھے۔

انہوں نے مزید کہا: شہید نصراللہ کہا کرتے تھے کہ حزب اللہ کی تمام کامیابیاں ولایت کے سامنے تعبد کا نتیجہ ہیں اور جب رہبر معظم انقلاب کوئی بات ارشاد فرماتے ہیں تو مجھے اس کے حق ہونے میں کوئی شک نہیں ہوتا، یہ نہیں کہ میں صرف اس لیے عمل کرتا ہوں کہ رہبر معظم نے فرمایا بلکہ میں اس کے حق اور درست ہونے پر کامل یقین رکھتا ہوں۔

نمائندہ ولی فقیہ برائے سپاہ پاسداران نے کہا: مقاومت کا مطلب ہے استقامت، پائیداری اور کسی قیمت پر پیچھے نہ ہٹنا۔ قرآن ہمیں بتاتا ہے کہ تمام انبیائے الہیٰ کی بعثت کا مقصد دو بنیادی امور پر مشتمل تھا: ایک یہ کہ زمین پر اللہ کی حاکمیت اور بندگی کو مستحکم کریں اور دوسرا یہ کہ ہر قسم کی غیر الہی بندگی کو مٹا دیں۔

انہوں نے کہا: استکبار اور انبیاء کے درمیان تمام جدوجہد کا محور "حاکمیت" کا مسئلہ رہا ہے اور آج امریکہ کا ہمارے ساتھ سارا جھگڑا بھی اسی حاکمیت پر ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران اس کا مطیع بن جائے جبکہ ایٹمی توانائی اور انسانی حقوق جیسے مسائل محض بہانے ہیں۔

حجت الاسلام صادقی نے کہا: دشمن پر غلبہ پانے کا راز قوی ارادے اور پختہ ایمان میں پوشیدہ ہے۔ دشمن اُس وقت غالب آتا ہے جب وہ نوجوانوں کے ذہن اور دل پر قبضہ کر لے۔ وہ نوجوان جو میدان جنگ میں شہید ہوتا ہے، دشمن پر غالب رہتا ہے لیکن جب دشمن کسی نوجوان کے ذہن کو فکری طور پر مسخر کر کے اسے اپنا سپاہی بنا دے تو درحقیقت وہیں دشمن کی اصل جیت ہوتی ہے اور اس کا نشانہ ٹھیک دل پر لگتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha