حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو میں شہر سنندج کی افتاء و روحانیت کونسل کے رکن مولوی محمد امین راستی نے کہا: ایک بات جس پر ہم سب کو ایمان رکھنا چاہئے وہ یہ ہے کہ اسلام کے خلاف دشمن کی جنگ کبھی ختم نہیں ہوئی اور آج بھی ہم اسی جنگ کے درمیان ہیں۔
انہوں نے کہا: آج دشمن سوشل میڈیا اور سائبر اسپیس وغیرہ کی طاقت کے ذریعہ ہماری نوجوان نسل کے خلاف نفسیاتی اور ثقافتی جنگ چھیڑ چکا ہے۔
سنندج کی افتاء و روحانیت کونسل کے رکن نے کہا: دشمن نے آج میزائل اور طیاروں کی جگہ سیٹلائٹ چینلز اور سوشل میڈیا کو اُن کا متبادل بنا دیا ہے تاکہ ہماری نوجوان اور نوخیز نسل کو موجودہ حالات سے مایوسی میں مبتلا کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا: دشمن ہمیشہ اس کوشش میں ہے کہ ملک میں ناامیدی کے بیج بوئے۔ کوئی بھی ملک میں موجود معاشی مسائل کا انکار نہیں کر سکتا مگر ان مسائل کی وجہ سے ہمیں اصل مسئلے یعنی دشمن کی سازشوں سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔ دشمن کوشش کر رہا ہے کہ ملک میں خصوصاً نوجوان اور تعلیم یافتہ طبقے میں ناراضگی پیدا کر کے اپنی شیطانی منصوبہ بندی کو نافذ کرے۔
مولوی محمد امین راستی نے کہا: اگر ہم سوشل میڈیا میں تھوڑی سی بھی توجہ کریں تو دیکھیں گے کہ دشمن کے سینکڑوں بیرونِ ملکی چینلز، نیٹ ورکس اور ویب سائٹس بلکہ یہاں تک کہ ملک کے اندر بھی کچھ عناصر دن رات اس کوشش میں مصروف ہیں کہ ملک کے اندر ایک بڑی ناراضگی کی فضا پیدا کر سکیں۔ لیکن جب تک ملک میں اتحاد و وحدت موجود ہو دشمن کسی بھی جارحیت کی جرأت نہیں کر سکتا لہٰذا نوجوان نسل کو ہوشیار رہنا چاہئے اور دشمن کی اس مذموم سازش کے دھوکے میں نہیں آنا چاہئے۔









آپ کا تبصرہ