اتوار 18 مئی 2025 - 17:46
 میڈیا، امت مسلمہ کے اتحاد کا بہترین اور طاقتور ذریعہ ہے

حوزہ / مجمع جهانی تقریب مذاہب اسلامی کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ مولوی اسحاق مدنی نے کہا: میڈیا کا کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ہمیں جان لینا چاہیے کہ آج کی دنیا میں وہ گروہ اور حکومتیں جو طاقتور ہوئی ہیں، انہوں نے اپنی طاقت کا سب سے بڑا ذریعہ میڈیا کو ہی بنایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جهانی تقریب مذاہب اسلامی کی جانب سے منعقدہ ویبنار بعنوان "اسلامی دنیا کے اتحاد میں کمیونیکیشن اور میڈیا کا کردار" میں گفتگو کرتے ہوئے مولوی اسحاق مدنی نے موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: میڈیا کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے۔ آج کی دنیا میں وہ گروہ اور حکومتیں جو طاقت حاصل کر چکی ہیں، انہوں نے زیادہ تر اپنی طاقت میڈیا کے ذریعے حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: میڈیا عوامی ذہن سازی اور لوگوں کو قائل کرنے میں انتہائی مؤثر ہے۔ یہاں تک کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی جب موجودہ دور کے میڈیا وسائل موجود نہیں تھے، حجۃ الوداع میں ایک اہم خطبہ ارشاد فرمایا جس میں اسلام کے بنیادی اصولوں اور قوانین کو بیان فرمایا۔ اس خطبے کے آخر میں آپ نے جو بات ارشاد فرمائی وہ نہایت اہم ہے کہ "جو لوگ یہاں موجود ہیں، وہ ان باتوں کو اُن تک پہنچائیں جو یہاں نہیں پہنچ سکے"۔ یہ فرمانِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود اس بات کی دلیل ہے کہ پیغام رسانی اور اطلاعات کی ترسیل کس قدر اہم ہے۔

مولوی مدنی نے جدید میڈیا وسائل سے استفادہ کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج جبکہ جدید ذرائع ابلاغ دستیاب ہو چکے ہیں، جو بھی اس میدان میں زیادہ مؤثر ہو گا وہ دنیا میں زیادہ کامیاب اور مؤثر ہو گا۔

انہوں نے کہا: ہم جو اتحاد کے خواہاں ہیں، ہمیں پہلے سے زیادہ میڈیا پر توجہ دینے کی ضرورت ہے؛ ایسا میڈیا جو ہمارا پیغام، ہمارے افکار، ہماری کاوشیں اور وہ ثقافت جس پر ہمارا ایمان ہے یعنی الٰہی اور وحدت آفرین اسلام، کو دنیا بھر تک پہنچا سکے۔

مجمع جهانی تقریب مذاہب اسلامی کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ نے کہا: ہمیں طاقتور میڈیا کا سہارا لے کر ان سرگرمیوں، شخصیات اور اداروں کو متعارف کرانا چاہیے جو وحدت کی راہ میں کوشاں ہیں۔ خواہ یہ میڈیا نیوز ایجنسی ہو، اخبارات ہوں یا ٹی وی چینلز، یا سوشل میڈیا اور مجازی پلیٹ فارمز، سبھی مؤثر اور قابل قدر ہیں۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ وحدت کا پیغام بروقت اور درست انداز میں دنیا والوں تک پہنچے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha