منگل 12 اگست 2025 - 16:08
غزہ میں جاری ظلم ایک عظیم انسانی بحران / دنیا بے حسی اور بے توجہی کا شکار!!

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین حسین الہی‌نژاد نے کہا: فلسطین اور غزہ میں جو ظلم اس وقت ہو رہا ہے وہ حقیقتاً ظلم کی انتہا ہے اور یہ ایک بڑا بحران ہے جس میں انسانی معاشرے مبتلا ہو گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے گفتگو کے دوران ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنسز اینڈ کلچر کے شعبہ تحقیق کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین حسین الہی‌نژاد نے امتِ اسلام کی وحدت و یکجہتی کی اہمیت اور غزہ میں صہیونی حکومت کے جرائم کے حوالے سے کہا: توحید، قرآنِ کریم اور محبتِ اہل بیت علیہم السلام، مسلمانوں اور الٰہی ادیان کے پیروکاروں کے درمیان گہری اور اسٹریٹجک وحدت کے تین بنیادی ستون ہیں جو آخرالزمان کے بحرانوں سے نجات کا راستہ فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: اسلام میں اتحاد اور یکجہتی پر سخت تاکید کی گئی ہے اور حقیقت میں یہ مسئلہ ہمارے دین کے اصولوں میں شامل ہے۔

حوزہ و یونیورسٹی کے اس استاد نے کہا: قرآن، اہل بیت، بزرگان اور دینی رہنماؤں سبھی نے کسی نہ کسی انداز میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت اور اس کے معاشرے پر گہرے اثرات پر تاکید کی ہے۔

انہوں نے کہا: قرآن کریم میں اس موضوع پر متعدد آیات وارد ہوئی ہیں اور حضراتِ معصومین علیہم السلام کے ارشادات میں بھی اتحاد اور اس کے کردار کے بارے میں کثیر روایات موجود ہیں جو معاشرتی، دینی اور اسلامی نظام کو سنوارنے میں اس کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک روایت میں فرماتے ہیں کہ اسلام اتحاد کا محتاج ہے اور اس کی نشوونما، ترقی اور بلندی کا انحصار اتحاد پر ہے اور جہاں اتحاد نہ ہو تو معاشرہ انحراف کی طرف بڑھ جاتا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین الہی‌نژاد نے مزید کہا: بزرگانِ دین اور انقلابِ اسلامی کے دونوں رہبران کے بیانات میں ہم دیکھتے ہیں کہ ہر موقع پر اس نکتے پر تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے وحدت مسلمین کو ایک اساسی اور اسٹریٹجک اصول کے طور پر پیش کیا ہے۔ مثال کے طور پر، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: یہ اسلام ہی تھا جس نے ہم سب کو یکجا کیا، یہ اسلام ہی تھا جس نے ہمیں کامیابی دی اور اسلام ہی ہمیں سعادت تک پہنچائے گا۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اتحاد کا موضوع دینِ مبینِ اسلام سے ماخوذ ہے۔

استادِ حوزہ علمیہ قم نے کہا: مقامِ معظم رہبری کے ارشادات میں بھی یہ موضوع بالکل واضح ہے کیونکہ وہ تاکید کرتے ہیں کہ ہمیں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ جدوجہد کرنی چاہیے، ہمیں ایک ہونا چاہیے تاکہ کامیاب ہوں اور یہ راستہ جاری رہنا چاہیے کیونکہ اتحاد اور یکجہتی، جدوجہد، انقلاب، تحریک، حرکت اور طویل المدتی اہداف تک پہنچنے کا بنیادی ڈھانچہ ہے جو ہمیشہ ہمارے پیش نظر رہنا چاہیے۔

حجت الاسلام والمسلمین حسین الہی‌نژاد نے کہا: فلسطین اور غزہ میں جو ظلم اس وقت ہو رہا ہے وہ حقیقتاً ظلم کی انتہا ہے اور یہ ایک بڑا بحران ہے جس میں انسانی معاشرے مبتلا ہو گئے ہیں۔ ساتھ میں یہ جارحیت اسلامی اتحاد و وحدت میں کمزوری کی دلیل ہے۔ اگر آج مسلمان متحد ہو جاتے تو ظالم صہیونی مسلمانوں کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھ پاتے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha