جمعہ 31 جنوری 2025 - 06:00
دشمن کو شیعہ و سنی اختلافات سے فائدہ اٹھانے نہ دیں: اہلسنت عالم

حوزہ/ امام جمعہ شہر بانہ، مولوی عبدالرحمن خدائی نے کہا کہ شیعہ اور سنی ایک منظم اور متحد امت ہیں، اور ان کے درمیان اختلافِ رائے ایک فطری امر ہے، لیکن ہمیں دشمنوں کو اس اختلافِ رائے کو اپنے مفاد میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران میں اہلسنت عالم دین و امام جمعہ شہر بانہ، مولوی عبدالرحمن خدائی نے کہا کہ شیعہ اور سنی ایک منظم اور متحد امت ہیں، اور ان کے درمیان اختلافِ رائے ایک فطری امر ہے، لیکن ہمیں دشمنوں کو اس اختلافِ رائے کو اپنے مفاد میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کی سالگرہ اور عشرۂ فجر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی شیعہ و سنی بھائیوں کی وحدت کا نتیجہ تھی۔

مولوی عبد الرحمن خدائی نے مزید کہا کہ تقریباً دو دہائیوں تک ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں شیعہ اور سنی علما و عوام نے برادرانہ یکجہتی کے ساتھ شرکت کی اور اس تحریک کو منظم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انقلاب اسلامی کے بعد بھی یہ وحدت برقرار رہی ہے۔

انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ دشمنانِ اسلام اور مخالفین انقلاب اسلامی نے ابتداء سے ہی شیعہ و سنی علما میں اختلاف اور تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کی اور حتیٰ کہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے متعدد علما کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، لیکن وہ ایران کے عوام کی وحدت کو نقصان نہیں پہنچا سکے۔

مولوی خدائی نے کہا کہ شیعہ اور سنی ایک مضبوط اور متحد امت ہیں، اور اگر ان کے درمیان اختلافِ رائے پایا جاتا ہے تو یہ فطری امر ہے، لیکن ہمیں دشمن کو اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور نفاق پیدا کرنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے، اور اسی مقصد کے تحت اس نے "انگریزی شیعہ" اور "امریکی سنی" جیسے فتنے پیدا کیے۔ اس لیے شیعہ و سنی علما کو ان خطرناک اور تباہ کن سازشوں سے خبردار رہنا چاہیے، کیونکہ یہ فتنے اسلامی اخوت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

آخر میں امام جمعہ بانہ نے کہا کہ باوجود دشمنوں کی ان سازشوں کے، ایران میں شیعہ و سنی کے درمیان مثالی اتحاد موجود ہے، جو ملت ایران کی بصیرت اور استعمار و دشمنانِ دین کے خلاف آگاہی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک عملی طور پر شیعہ و سنی وحدت قائم رہے گی، کوئی بھی طاقت ایرانی عوام کے ایمان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha