حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین ابراہیم رئیسی نے ملک کی حالیہ پیش رفت میں دشمنوں کی سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ایران کی پیشرفت سے ناراض ہے۔ قابل غور ہے کہ انقلاب اسلامی کے مخالف میڈیا نے مہسا امینی کی موت کو بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے فسادیوں اور شرپسندوں کو اکسانے کی مہم شروع کی ہے جس کے نتیجے میں فسادیوں نے ایران کے کئی شہروں میں سیکورٹی فورسز اور عوامی املاک کو نشانہ بنایا ہے۔
فسادیوں نے ملک میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے کے لیے گاڑیوں، ایمبولینسوں اور بینکوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
بیرون ملک سے چلنے والے ٹی وی چینلز اور سوشل ویب میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں پر ایک نظر ڈالیں تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کے بہانے تشدد پھیلانے میں میڈیا کا کیا کردار ہے۔
ایرانی صدر نے کابینہ کے اجلاس میں معیشت سمیت مختلف شعبوں میں اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آج دشمن ایرانی قوم کو ترقی سے روکنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کر رہا ہے۔
حجۃ الاسلام رئیسی نے کہا کہ دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔