حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایشیائی پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے) کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس مشہد، صوبۂ خراسانِ رضوی میں شروع ہوگیا ہے؛ جس میں ایشیاء بھر سے 15 ممالک کے پارلیمانی نمائندگان شریک ہیں۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان و سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کر رہے ہیں۔

اس اجلاس میں پاکستان، آذربائیجان، بحرین، کمبوڈیا، چین، قبرص، لبنان، فلسطین، قطر، روس، سعودی عرب، تاجکستان، ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان کے وفود شریک ہیں۔
سیاسی کمیٹی اپنے ایجنڈے کے تحت نو اہم قراردادوں کا جائزہ لے رہی ہے، جن کا تعلق خطے میں پارلیمان کے کردار، اچھے طرزِ حکمرانی کے فروغ، قانون کی حکمرانی، ایشیائی خوشحالی میں اضافہ اور حکومتوں و پارلیمان کے درمیان تعاون کے استحکام سے ہے۔
اجلاس کے دوران فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے خصوصی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں حالیہ صورتحال اور ایشیائی ممالک کے کردار پر غور کیا جائے گا۔
ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اس اجلاس کو خطے میں پارلیمانی تعاون، مکالمے کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز کے حل کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ