جمعہ 12 دسمبر 2025 - 16:52
سادات نے علم، جہاد اور خدمتِ خلق میں عظیم کردار ادا کیا ہے: آیت‌اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی

حوزہ/ آیت‌اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے چوتھے عظیم الشان سادات کانفرنس کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سادات نے علم، جہاد، تبلیغ اور سماجی خدمت کے میدانوں میں ہمیشہ شاندار کارنامے انجام دیے ہیں، اور معاشرے کے اتحاد، انسجام اور اخلاقی تربیت میں ان کا کردار نمایاں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت‌اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے چوتھے عظیم الشان سادات کانفرنس کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سادات نے علم، جہاد، تبلیغ اور سماجی خدمت کے میدانوں میں ہمیشہ شاندار کارنامے انجام دیے ہیں، اور معاشرے کے اتحاد، انسجام اور اخلاقی تربیت میں ان کا کردار نمایاں ہے۔

آیت‌اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے "چوتھے بڑے سادات ہمایش" کے نام اپنے پیغام میں اس مبارک اجتماع کو خاندانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تکریم کے لئے ایک بابرکت قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس اپنے اعلیٰ اہداف تک پہنچے گی۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیت «قُل لّا أَسْأَلُکُمْ عَلَیْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبَىٰ» کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آیۂ مودّت ذوی القربی سے محبت و احترام کو صرف جذباتی تعلق نہیں بلکہ اعتقادی اور سماجی ذمہ داری کے طور پر پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سادات نے علم، جہاد، ہدایت، تبلیغ اور خدمتِ خلق کے ہر میدان میں ہمیشہ روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ ان کا صحیح تعارف، ان کی تاریخی و دینی حیثیت اور موجودہ دور میں ان کے عملی کردار کو اجاگر کرنا امت میں اتحاد اور مؤثر نمونوں کی شناخت کے لیے ضروری ہے۔

آیت‌اللہ مکارم شیرازی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشرے پر لازم ہے کہ وہ سادات کی علمی، سماجی اور معاشی معاونت کرے، اس طرح کہ ان کی شرافت و کرامت محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کاوشیں دراصل خاندانِ رسالت سے وابستگی اور شعائرِ الٰہی کی پاسداری کا مظہر ہیں، جن کے نتیجے میں اخلاقی فضا مضبوط ہوتی ہے اور نئی نسل میں دینی اقدار فروغ پاتی ہیں۔

آخر میں مرجع تقلید نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے عالمِ اسلام، خصوصاً خاندانِ سادات کو مبارک باد پیش کی اور کانفرنس کے منتظمین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دعا کی کہ خداوندِ متعال ہمیں حقیقی معنوں میں اہل بیت علیہم السلام کے محبّ اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاندان کے خادم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha