حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب میں مسجد الحرام کے خطیب شیخ صالح بن حمید نے جمعہ کے خطبے میں فلسطین کے مظلوم بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی بچے صہیونی دشمن کے مقابلے میں شجاعت، بہادری اور استقامت کی عملی مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شجاعت صرف جسمانی طاقت کا نام نہیں بلکہ یہ حکمت، اعلیٰ اخلاق، مضبوط عقیدے اور پاکیزہ کردار سے مکمل ہوتی ہے۔ شجاعت کا تقاضا ہے کہ انسان بلند ہمتی، اخلاقی وقار اور فضول و سطحی امور سے اجتناب کو اپنائے۔
خطيب مسجد الحرام نے مزید کہا کہ دین اور اخلاق سے وابستگی، اپنی اصل اور معاشرتی شناخت پر فخر اور ذمہ دارانہ طرزِ زندگی ہی حقیقی شجاعت کی بنیاد ہے، جبکہ سطحی سوچ، نمائش پسندی اور سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال کمزوری کی علامت ہے۔
انہوں نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “اپنے بچوں کو فلسطین کے بچوں سے سیکھنے کی تلقین کریں، جو صہیونی دشمن کے ظلم کے مقابلے میں جرات، ثابت قدمی اور قربانی کی روشن مثال ہیں۔”
شیخ صالح بن حمید نے واضح الفاظ میں کہا کہ فلسطین اور القدس ہمیشہ مسلمانوں اور عربوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
قابلِ ذکر ہے کہ صہیونی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ دو برسوں کے دوران غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بالخصوص بچوں اور خواتین کو شدید انسانی المیے کا سامنا ہے۔ غزہ میں جاری نسل کشی کے دوران دسیوں ہزار فلسطینی شہید اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ پورا علاقہ تباہی اور سنگین انسانی بحران سے دوچار ہے۔









آپ کا تبصرہ