حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ اراک میں آج منعقد ہونے والے درسِ خارج میں صوبہ مرکزی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ دری نجفآبادی نے امام محمد باقرؑ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے تمام مسلمانوں اور عاشقان اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے قرآنِ کریم کی ایک آیت کی تفسیر کرتے ہوئے کہا کہ اصل خزانہ سونا اور چاندی نہیں بلکہ توحید، ایمان اور معارف الٰہیہ ہیں، جو انسان کی دنیا و آخرت کو سنوارتے ہیں۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے ان لوگوں پر افسوس کا اظہار کیا جو موت اور قیامت کے حساب پر یقین رکھنے کے باوجود فضول مشغولیات میں مبتلا رہتے ہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ اسلامی معاشرے کی ترقی کے لیے دینی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے امام محمد باقرؑ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ علم، معرفت اور ولایت کے علمبردار تھے۔ آپؑ نے ممتاز شاگردوں کی تربیت اور قرآنی معارف کی وضاحت کے ذریعے امتِ مسلمہ کی علمی و اعتقادی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
درس کے ایک اور حصے میں آیت اللہ دری نجف آبادی نے ملک ایران میں حالیہ بارشوں کو رحمتِ الٰہی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 40 ملی میٹر اوسط بارش سے کسانوں اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
آخر میں انہوں نے امام محمد باقرؑ کی سیرت پر مستند کتب اور تحقیقی کاموں کے مطالعے اور آپؑ کی تعلیمات سے عملی استفادے پر زور دیا۔









آپ کا تبصرہ