جمعہ 23 جنوری 2026 - 12:38
ٹرمپ کا "غزہ امن بورڈ" استعمار کی ایک نئی سازش اور فلسطینیوں کے وسائل پر قبضے کی نئی شکل ہے

حوزہ / جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ نے کہا: ٹرمپ کا بنایا ہوا "غزہ امن بورڈ" استعمار عالم کی ایک نئی سازش اور فلسطینیوں کے وسائل پر قبضے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اس بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ کے "غزہ امن بورڈ" میں شامل ہونے کے اسلام آباد کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے استعمار کی ایک نئی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا: اس بورڈ میں "ٹونی بلیئر" جیسے افراد، سابق برطانوی وزیراعظم اور عراق کی تباہی کے اہم عوامل میں سے شامل ہیں۔ ٹرمپ کا "امن بورڈ" درحقیقت ایک نئے استعماری نظام کی نئی شکل ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ نے کہا: ٹرمپ کا "غزہ امن بورڈ" فلسطینیوں کے وسائل اور علاقوں پر قبضہ کرنے کا ایک نیا طریقہ کار ہے اور تعمیر نو کے عنوان سے غزہ پر امریکی تسلط مسلط کرنے کی کوئی بھی کوشش قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا: پاکستان کے دفتر خارجہ کے اس دعوے کی حقائق سے کوئی مطابقت نہیں ہے کہ "یہ ملک سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت غزہ کے تحفظ اور امن کے منصوبے کی حمایت کرتا ہے"۔

حافظ نعیم الرحمن نے زور دے کر کہا: خود ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ اس کا "امن بورڈ" ایک دن اقوام متحدہ کی جگہ لے سکتا ہے لہٰذا اس موقف کے پیش نظر پاکستان کے ایسے بورڈ میں شامل ہونے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha