حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ عمل اسلامی لبنان نے ایک بیان میں، رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ خامنہ ای کے خلاف امریکی صدر کی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان دھمکیوں کو شیطانی سازش اور نفرت انگیز امریکی ٹرمپ اور صیہونی غنڈہ گردی قرار دیا ہے۔
اس بیان میں ٹرمپ کے حالیہ بیانات کہ اگر ایران نے کچھ کیا تو اسے روئے زمین سے ختم کر دے گا، کا حوالہ دیتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ آج پوری دنیا کی آنکھوں اور کانوں کے سامنے امریکہ اور اس کے حامی غاصب اور مجرم صیہونی حکومت ہیں جو اندرون و بیرون ممالک میں جرائم کر رہے ہیں۔
تحریکِ عمل اسلامی لبنان نے ٹرمپ کے اقدامات اور بیانات پر دنیا کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے گرین لینڈ پر قبضے کے لیے ٹرمپ کی واضح دھمکیوں، وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کا اغوا، وینزویلا کے تیل اور دولت کو لوٹنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دھمکیوں جیسے مسائل کو واضح کیا۔
تنظیم نے ٹرمپ کے اپنے یورپی اتحادیوں کے خلاف تکبر اور عزائم، غزہ میں نسل کشی اور اس خطے کو امریکی ہتھیاروں سے مکمل طور پر تباہ کرنے کی منظوری، جنوبی لبنان کی تباہی اور لبنانی شجاع مزاحمتی محاذ کو ختم کرنے کی کوششوں اور اس ملک پر معاشی طاقت کو مسلط کرنے کی طرف بھی اشارہ کیا۔
تحریکِ عمل اسلامی لبنان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وحشیانہ قتل عام، امریکی صیہونی غنڈہ گردی اور ٹرمپ کا متکبرانہ اور دہشت گردانہ رویہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، کہا کہ آخر کار طاغوت اور جابر ظالم تاریخ کے کوڑے دانوں میں ہوں گے اور آزادی پسند اور غیرت مند قومیں، مظلومین کے خون کا احتساب کریں گی۔









آپ کا تبصرہ