حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں لائیو ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ برائے سال 2026ء، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق شریعہ ایڈوائزر، چیئرمین الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک فنانس اینڈ تکافل اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کی ترویج اور سود سے پاک نظام کے قیام کے لیے 25 سالہ بے لوث خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔
یہ ایوارڈ منہاج انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ نویں انٹرنیشنل اسلامک اکنامک اینڈ فنانس کانفرنس کے دوران پروقار تقریب میں ڈپٹی گورنر ، بورڈ آف ڈائریکٹرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو پیش کیا۔
درایں اثناء اسلامک فنانس گروپ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر زاہد الرحمن کھوکھر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر عبد الرحمان وڑائچ، ساجد محمود شہزاد، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور سمیت الجیریا، ایران، آسٹریلیا، بحرین، برونئی، بنگلہ دیش، ترکیہ ملیشیاء، سنگاپور اور دیگر ممالک سے تشریف لائے ہوئے اسلامک فنانس انڈسٹری کے ایکسپرٹ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے ایوارڈ کو غزہ کے مظلوم عوام کے نام قرار دیتے ہوئے وطن عزیز پاکستان میں اسلامک فنانس کو بھرپور رواج دینے کے لیے تیزی کے ساتھ مزید اقدامات کرنے کا اعادہ کیا تاکہ پاکستانی میں جلد از جلد سود سے پاک معاشی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ تقریب میں اسلامک بینکنگ سسٹم کے اعلی ذمہ داران سمیت وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا افضل حیدری اور الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ فنانس اینڈ تکافل اور الصادق شریعہ سلوشنز کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر مولانا سید مظہر عباس زیدی بھی موجود تھے۔









آپ کا تبصرہ