منگل 10 فروری 2026 - 16:13
دشمن مادی طاقت سے نہیں بلکہ اسلامی تہذیب سے خوفزدہ ہے؛ حجت‌الاسلام میرباقری

حوزہ/ مجلسِ خبرگانِ رہبری کے رکن اور ممتاز عالمِ دین حجت‌الاسلام والمسلمین سید محمدمهدی میرباقری نے کہا ہے کہ آج اسلامی تہذیب کی “نرم طاقت” دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کا پرچم اسلامی جمہوریہ ایران کے ہاتھ میں ہے، جس کی وجہ سے دشمن شدید خوف میں مبتلا ہے اور اس کے مقابلے کے لیے ہر محاذ پر سرگرم ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ خبرگانِ رہبری کے رکن اور ممتاز عالمِ دین حجت‌الاسلام والمسلمین سید محمدمهدی میرباقری نے حرمِ حضرت فاطمہ معصومہؑ میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جاری کشمکش بنیادی طور پر دو اقسام پر مشتمل ہے۔ ایک وہ جو اقتدار اور دولت کے لیے ہوتی ہے اور عموماً مادی طاقتوں کے درمیان جاری رہتی ہے، جبکہ دوسری کشمکش انبیائے الٰہی اور طاغوتی طاقتوں کے درمیان توحید اور شرک کے مسئلے پر ہوتی ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مادی طاقتیں اگرچہ بظاہر متحد نظر آتی ہیں، لیکن ان کے دل باہم جڑے نہیں ہوتے، کیونکہ وہ صرف اپنے مفادات کے اسیر ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس، انبیائے کرامؑ کی جدوجہد کا محور خدا کی بندگی اور انسانیت کی ہدایت رہا ہے۔

حجت‌الاسلام میرباقری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حق کے غلبے کا وعدہ کیا ہے اور تاریخ میں حضرت موسیٰؑ، حضرت ابراہیمؑ اور حضرت نوحؑ کی مثالیں اس بات کی روشن دلیل ہیں کہ نصرتِ الٰہی مادی حسابات سے بالاتر ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن ایک طرف دفاعی تیاری کا حکم دیتا ہے اور دوسری طرف اس پر غرور کرنے سے منع کرتا ہے، کیونکہ اصل سہارا صرف اللہ کی ذات ہے۔ مومن دشمن کی دھمکیوں سے اس لیے نہیں ڈرتا کہ وہ اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی استکباری نظام کو تسلیم نہیں کرتا اور آج امتِ مسلمہ میں محورِ مقاومت کا کردار ادا کر رہا ہے۔ دشمن درحقیقت ایران کی مادی طاقت سے نہیں بلکہ اسلامی تہذیب کی بڑھتی ہوئی نرم طاقت سے خوفزدہ ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے اسلام کا پرچم بلند کر رکھا ہے، جو روحانی اور معنوی طاقت کا مظہر ہے، اور یہی وجہ ہے کہ استکباری طاقتیں اس کے خلاف ہمہ جہت سازشوں میں مصروف ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha