منگل 10 فروری 2026 - 16:46
انقلاب اسلامی عالمِ اسلام اور انسانیت کا ترجمان انقلاب ہے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ایران میں انقلاب اسلامی امام خمینی کی رہبری میں بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آیا اور آج بھی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی رہبری میں قائم ہے۔ انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کو استعماری و سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے انقلاب اسلامی ایران کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران میں انقلاب اسلامی امام خمینی کی رہبری میں بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آیا اور آج بھی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی رہبری میں قائم ہے۔

انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی جن اہداف کے لئے برپا کیا گیا وہ ایسے ہیں کہ جو پوری امت مسلمہ کو متحد و متفق کرتے ہیں۔ انقلاب اسلامی ایران کا سب سے بڑا درس یہی ہے کہ قرآن کی تعلیمات کا نفاذ ہو، شریعت کی بالا دستی ہو، تفرقے اور انتشار کا خاتمہ ہو، اتحاد کی فضا ء قائم ہولہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں، تفرقہ بازی اور انتشار اور اس کے اسباب و عوامل کے خاتمے کی کوشش کریں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کو استعماری و سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور آج یہ جدوجہد ایک اہم ترین موڑ میں داخل ہوچکی ہے چنانچہ عالمی استعمار خائف ہوکر نت نئی سازشوں میں مشغول ہے، انقلاب اسلامی کی یہ جدوجہد بالآخر کامیاب و کامران ہوگی انقلاب اسلامی کی کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ یہ محض عارضی اور مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ شعوری انقلاب ہے۔ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ یہ انقلاب عالم اسلام اور انسانیت کا ترجمان انقلاب ہے۔جس کے لیے سینکڑوں علماء ، مجتہدین، مجاہدین، اسکالرز، دانشور اور قائدین نے اپنے خون، اپنی فکر، اپنے قلم، اپنی صلاحیت، اپنے عمل ،اپنے سرمائے اور اپنے خاندان کی قربانیاں دے کر انقلاب اسلامی کی عمارت استوار کی۔

قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: انقلاب اسلامی ایران کے قائد اور رہبر حضرت امام خمینی نے انقلاب برپا کرتے وقت اسلام کے زریں اصولوں اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و سنت کے درخشاں پہلوؤں سے ہر مرحلے پر رہنمائی حاصل کی۔ تمام سازشوں ، مظالم، زیادتیوں، محاصروں، پابندیوں اور دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی رہبری میں انقلاب اسلامی ایران کرۂ ارض پر ایک طاقتور انقلاب کے طور پر جرات واستقامت کی بنیادیں فراہم کررہا ہے۔عالمی سامراج کے امت مسلمہ کے خلاف جاری جارحانہ اقدامات کے پیش نظر ہم زندہ اور باوقار قوم کے طور پر دنیا میں رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں اعلی اہداف کے حصول کے لئے متحد ہونا پڑے گا، گروہی اور مسلکی حصاروں سے دست کش ہونا پڑے گااور اپنے اندر جذبہ اور استقامت پیدا کرنا پڑے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha