حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید احمد رضوی پرنسپل الحسنین اکیڈمی نگراں امتحانات مرکز جامعۃ الکوثر اسلام آباد نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں قائم شیعہ مدارسِ علمیہ کے سالانہ امتحانات باقاعدہ طور پر جاری ہیں، جن میں ملک بھر سے سینکڑوں دینی طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔ یہ امتحانات درسِ نظامی کے ابتدائی مراحل، میر سے کفایہ تک، منظم اور طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جا رہے ہیں۔
امتحانات کے دوران علمی معیار، نظم و ضبط اور شفافیت کو خصوصی طور پر ملحوظِ خاطر رکھا جا رہا ہے، تاکہ طلبہ کی علمی صلاحیتوں کا حقیقی انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔ مختلف امتحانی مراکز میں اساتذہ، نگران حضرات اور امتحانی عملے کی موجودگی امتحانی نظام کی سنجیدگی اور معیار کی عکاس ہے۔
دائرۂ امتحانات کے محنت کش اور باصلاحیت مسئولین نے محدود وسائل کے باوجود نہایت ذمہ داری، اخلاص اور پیشہ ورانہ انداز میں اس اہم تعلیمی مرحلے کو ممکن بنایا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ ان کی شبانہ روز محنت اس امر کی ضمانت ہے کہ حوزوی تعلیم کا یہ سلسلہ مضبوط بنیادوں پر استوار رہے۔
یہ امتحانات نہ صرف طلبہ کے علمی سفر کا ایک اہم مرحلہ ہیں بلکہ ملک میں دینی تعلیم کے فروغ، فکری تربیت اور علمی تسلسل کا بھی مظہر ہیں۔ ہم تمام شریک طلبہ کے لیے کامیابی اور دائرۂ امتحانات کے مسئولین و اساتذہ کے لیے اجرِ عظیم کی دعا کرتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ