حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان شعبۂ قم کے مدیر مولانا بشارت حسین زاہدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مولانا بشارت حسین زاہدی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہبر کو اس قسم کی دھمکیاں دینا عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی صرف ایران کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے رہبر اور پیشوا ہیں۔ ان کی قیادت میں نہ صرف ایرانی قوم نے بلکہ پوری امت مسلمہ نے استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کیا ہے اور پوری امت مسلمہ، رہبر انقلاب کے پشت پر کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دھمکیاں نہ صرف عالمی قوانین اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ انتہا پسندی اور کشیدگی کو فروغ دینے کی ایک مذموم کوشش بھی ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ ایسی دھمکیوں سے ایرانی قوم یا امت مسلمہ کے عزم و ارادے کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا زاہدی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لے اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم رہبر معظم کی سلامتی اور عظمت کے لیے دعا گو ہیں اور ہر قسم کی سازشوں کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔









آپ کا تبصرہ