حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حمایت انقلاب اسلامی کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے کہا ہے کہ ملت ایران کسی صورت میں استکباری قوتوں کے سامنے تسلیم نہیں ہوگی۔ تہران میں ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے حالیہ 12 روزہ جنگ میں حسینی ثقافت، استقامت اور دشمن کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عاشورہ کی مجالس اور جلوسوں میں عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کیا کہ ایران کی عوام اہل بیت علیہم السلام سے عشق اور مکتبِ عاشورا سے درسِ آزادی و مزاحمت حاصل کرتی ہے۔ امسال عاشورہ کے دن عزاداری نے شہدائے مقاومت اور فلسطین کے مظلوم شہداء کی یاد کو تازہ کر دیا اور یہ عزاداری عالمی سطح پر بھی عشقِ حسینی اور استقامت کی علامت بن گئی۔
حجت الاسلام و المسلمین اختری نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی حسینیہ امام خمینیؒ میں غیر متوقع شرکت کو ملت کے دلوں کی روشنی قرار دیا اور کہا کہ رہبر معظم کی موجودگی نے پورے اجتماع کو ایک نئے جذبے سے بھر دیا۔ عوام نے "هیهات منا الذلة" کے نعرے لگا کر ثابت کیا کہ یہ قوم ہرگز ظلم و جبر کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت ایران کی وحدت، استقامت اور جذبہ ایثار کا سرچشمہ رہبر معظم کی قیادت ہے۔ 12 روزہ جنگ میں ایرانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا کہ دشمن کی دھمکیوں اور حملوں سے نہ قوم پیچھے ہٹے گی اور نہ قیادت کمزور ہوگی۔ انہوں نے نوحہ خوانوں، شاعروں اور اہل قلم حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اہل بیتؑ، ملت ایران اور مقاومت کی عظمت کو اپنی تخلیقات میں زندہ رکھیں۔
آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ دشمن کی فریب کاری اور مذاکرات کے جھانسے میں آئے بغیر، اتحاد، ایثار اور قیادت کی پیروی ہی ملت ایران کی کامیابی کی ضمانت ہے۔









آپ کا تبصرہ