تحریر: مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی
حوزہ نیوز ایجنسی | یہ کتاب اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت، فضائل اور تعلیمات پر ایک جامع، سنجیدہ اور دلنشین علمی کاوش ہے جس میں حجت اسلام مولانا مرزا علی اکبر نے محض روایتی اندازِ بیان پر اکتفا نہیں کیا بلکہ عقیدت کو تحقیق کے ساتھ جوڑنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ موضوع کی حساسیت اور تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے مواد کی ترتیب، اسلوب کی سنجیدگی اور حوالہ جاتی طرزِ نگارش اس بات کی دلیل ہیں کہ یہ تصنیف جذبۂ محبت کے ساتھ ساتھ فکری ذمہ داری کا بھی نتیجہ ہے۔
مصنف نے کتاب کو محض تاریخی واقعات کا مجموعہ نہیں بنایا بلکہ ہر باب میں اخلاقی، روحانی اور تربیتی پہلو نمایاں کیے ہیں۔ واقعاتِ انبیاء، سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، فضائلِ سیدہ کائنات صلوات اللہ علیھا، ائمہ معصومین علیہم السلام کی حیاتِ طیبہ اور اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ شخصیات کا تذکرہ اس انداز سے پیش کیا ہے کہ قاری صرف معلومات حاصل نہیں کرتا بلکہ ایک روحانی وابستگی بھی محسوس کرتا ہے۔ یہ خوبی عام مذہبی کتب میں کم ہی نظر آتی ہے کہ روایت دل پر بھی اثر کرے اور عقل کو بھی مطمئن کرے۔
علمی اعتبار سے کتاب کی نمایاں خصوصیت روایات کے انتخاب میں احتیاط اور موضوعاتی ترتیب ہے۔ ہر مضمون کو ایک مستقل عنوان کے تحت پیش کیا گیا ہے جس سے مطالعہ آسان اور مربوط ہو جاتا ہے۔ عقائد، فضائل، تاریخی واقعات اور اخلاقی نکات کو خلط ملط کرنے کے بجائے باقاعدہ ترتیب دی گئی ہے، جو مصنف کی فکری پختگی کی علامت ہے۔ اسی طرح کتاب میں مناسبتِ ایام کے اعتبار سے مضامین کی شمولیت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہ تصنیف منبر، مجلس اور عوامی تربیت تینوں حوالوں سے مفید بنائی گئی ہے۔
ادبی لحاظ سے اسلوب سادہ مگر پُراثر ہے۔ عبارت میں ثقالت نہیں، جملے رواں اور دلنشین ہیں اور خطیبانہ رنگ بھی موجود ہے جو قاری کو بیزار نہیں ہونے دیتا۔ عقیدت مندانہ لہجہ ہونے کے باوجود مبالغہ یا غیر سنجیدہ انداز اختیار نہیں کیا گیا بلکہ احترام اور وقار کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ یہی توازن اس کتاب کو عام مذہبی لٹریچر سے ممتاز کرتا ہے۔
مصنف کی کاوش کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ذکرِ اہلِ بیت علیہم السلام کو محض ثواب کا ذریعہ نہیں بلکہ ہدایت اور اصلاحِ نفس کا وسیلہ بنا کر پیش کیا ہے۔ کتاب کے کئی مقامات پر قاری کو یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت فقط سننے یا پڑھنے کی چیز نہیں بلکہ اپنانے کی دعوت ہے۔ اس فکری رُخ سے یہ تصنیف محض معلوماتی نہیں بلکہ تربیتی اور اصلاحی بھی ہے۔
مجموعی طور پر یہ کتاب محبت، معرفت اور مطالعہ تینوں کا حسین امتزاج ہے۔ یہ اہلِ منبر کے لیے مواد، طلاب علوم دینیہ کے لیے حوالہ اور عام قارئین کے لیے روحانی غذا فراہم کرتی ہے۔ مصنف کی یہ محنت یقیناً صدقۂ جاریہ ثابت ہوگی۔ دعا ہے کہ رب کریم اس اثر کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، مصنف کو جزائے خیر دے اور اس کتاب کو وسیلۂ ہدایت قرار دے۔ آمین والحمدللہ رب العالمین۔
کتاب کی مکمل پی ڈی ایف فائل ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کریں









آپ کا تبصرہ