حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید کاظم نور مفیدی نے نماز عید قربان کے خطبات میں اسلامی اعیاد کے مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عید الفطر اور عید قربان دنیائے اسلام کے سب سے بڑے تہوار ہیں اور دنیا بھر کے مسلمان نماز عید کی ادائیگی اور قربانی کے اہتمام کے ساتھ بندگی اور امت اسلامی کے اتحاد کا منظر پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا: اسلامی اعیاد کا عام تہواروں سے بنیادی فرق یہ ہے کہ ان میں خوشی اور مسرت کے ساتھ ساتھ دو اہم حقیقتیں پنہاں ہیں۔ پہلا نماز اور بندگی کے ذریعے انسان اور خدا کے درمیان تعلق اور دوسرا لوگوں سے تعلق اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا۔
امام جمعہ گرگان نے کہا: نمازِ عید مسلمانوں کی بارگاہ الٰہی میں بندگی کا اعلان ہے۔ آج تقریباً دو ارب مسلمان عید الفطر اور عید قربان کی نماز ادا کر کے اعلان کرتے ہیں کہ وہ صرف خدا کے بندے ہیں اور دنیا اور استعماری طاقتوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتے۔
آیت اللہ نور مفیدی نے قربانی کے فلسفے کی تشریح کرتے ہوئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک روایت کا حوالہ دیا اور کہا: قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ ضرورت مند اور محروم لوگ قربانی کے گوشت سے فائدہ اٹھائیں اور معاشرے میں کوئی بھوکا نہ رہے۔ موجودہ حالات میں یہ مسئلہ مزید اہم ہو گیا ہے اور تمام صاحبِ استطاعت لوگوں کو عوام اور کمزوروں کا خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا: اسلام ایک ایسا دین ہے جو عبادت کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری پر خصوصی توجہ دیتا ہے اور مسلمانوں سے کہتا ہے کہ وہ معاشرے اور عوام کے مسائل سے لاتعلق نہ رہیں۔









آپ کا تبصرہ