حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید الاضحیٰ کی نماز آج صبح اہلسنت والجماعت کی جامع مسجد سنندج میں باجماعت ادا کی گئی، جس میں شہر کے علماء، عوام، اور مختلف طبقات کے افراد نے شرکت کی۔ نماز کے خطبے میں مولوی فائق رستمی نے دینِ اسلام کی بنیاد کو کرامتِ انسانی اور حقانیت پر استوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام تمام انسانوں کو برابری، انصاف اور وحدت کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے مناسکِ حج اور مکہ مکرمہ میں جاری عظیم اجتماع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حج، رنگ، نسل اور قومیت سے بالاتر، پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی عظیم علامت ہے۔ یہ مقدس اجتماع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارا معبود ایک ہے اور سب کی بازگشت اسی کی طرف ہے۔
مولوی رستمی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس پیغام کو دہرایا کہ کوئی انسان، کسی دوسرے انسان پر فضیلت نہیں رکھتا، سب برابر ہیں، اور یہ اصول انسانی معاشرے کے لیے عدل، مساوات اور باہمی احترام کا ضامن ہے۔
اپنے خطبے کے دوران امام جمعہ سنندج نے فلسطین اور غزہ کی مظلوم عوام کے خلاف جاری صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: آج ہمیں اپنی آنکھوں کے سامنے مظلوموں پر ڈھائے جانے والے مظالم نظر آ رہے ہیں، اور یہ انسانی ضمیر کے بیدار ہونے کا وقت ہے کہ وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہو۔
انہوں نے مزید کہا: خداوند متعال ہر انسان کو دنیاوی زندگی میں آزماتا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ان امتحانات میں صبر، اطاعت اور تقویٰ کے ساتھ کامیابی حاصل کریں۔
حضرت ابراہیم علیہالسلام کے واقعہ قربانی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: حضرت ابراہیم علیہالسلام نے اللہ کے حکم کے سامنے مکمل تسلیم و رضا کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہالسلام کو قربان کرنے کے لیے تیار ہو گئے، اور اسی میں ان کی سربلندی اور کامیابی تھی، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان پر رحمت نازل فرمائی۔
خطبے کے اختتام پر مولوی رستمی نے تاکید کی: عید قربان، حضرت ابراہیم علیہالسلام کے ایثار و فداکاری کی یاد منانے کا دن ہے اور ساتھ ہی یہ دن ہر مسلمان کے لیے موقع ہے کہ وہ اپنی خواہشاتِ نفسانی، خود پرستی اور نفسِ امّارہ کو قربان کر کے بندگیِ خالص کی راہ پر گامزن ہو۔









آپ کا تبصرہ