حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 8 محرم الحرام 1448ھ کے موقع پر امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کی ذیلی تنظیم الہلال کمیٹی پشکم کے زیرِ اہتمام حضرت ابوالفضل العباسؑ، علمدارِ کربلا کی یاد میں ایک پُروقار جلوسِ عزا برآمد کیا گیا۔ اس موقع پر حضرت عباسؑ اور دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

جلوس کا آغاز خار (اپوچوئے آستانہ) سے ہوا اور جامع مسجد لرسی پشکم تک جاری رہا۔ جلوس میں مردوں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عزادار سیاہ لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اور راستے بھر نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کے ذریعے میدانِ کربلا کے جان نثاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے رہے۔

شرکائے جلوس نے کربلا کے آفاقی پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی۔ اس دوران دنیا بھر کے مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا اور انسانیت و اسلام کے خلاف سمجھی جانے والی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کی گئی۔
جلوس جامع مسجد لرسی پشکم پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جہاں امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن و استحکام اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

منتظمین نے جلوس کے کامیاب انعقاد پر مقامی عوام کے تعاون اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی یہ مجالس اور جلوس شہدائے کربلا کے پیغامِ حق و استقامت کو زندہ رکھنے کا اہم ذریعہ ہیں۔









آپ کا تبصرہ