حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر میں محرم الحرام 1448ھ کی آمد کے پیشِ نظر، مولانا مسرور عباس انصاری کی رہائش گاہ دارالعباس پر ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس، جلوس ہائے عزاء اور دیگر مذہبی و سماجی سرگرمیوں کے انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف علاقوں کے ذمہ داران، علمائے کرام، ذاکرین، انجمنوں کے نمائندگان اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکائے اجلاس نے محرم الحرام کے تقدس اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام مذہبی پروگراموں کو نظم و ضبط، اتحاد و یکجہتی اور باہمی تعاون کے ساتھ منعقد کیا جائے، تاکہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا پیغام مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مسرور عباس انصاری صاحب نے تمام عزاداران، انجمنوں اور منتظمین پر زور دیا کہ وہ محرم الحرام کے پروگراموں کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں اور اتحادِ امت، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کلیدی جلوس ہائے عزا پُرامن طریقہ پر اور قانون کی مکمل پابندی کے ساتھ برآمد ہوں گے اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گے۔










آپ کا تبصرہ