منگل 26 مئی 2026 - 17:37
یومِ عرفہ اور شہادتِ حضرت مسلمؑ پر کشمیر بھر میں مجالسِ عزا، آغا حسن الموسوی نے اتحادِ امت اور روحانی بیداری پر زور دیا

حوزہ/ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ کے سفیر حضرت مسلم ابن عقیلؑ کے یومِ شہادت اور یومِ عرفہ کی مناسبت سے انجمنِ شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیر اہتمام وادی بھر میں خصوصی مجالس، دعائے عرفہ اور مرثیہ خوانی کا انعقاد کیا گیا، جبکہ مرکزی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے یومِ عرفہ کی روحانی عظمت، حضرت مسلم ابن عقیلؑ کی وفاداری و قربانی، اور امت مسلمہ کے اتحاد و استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ کے سفیر حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے یومِ شہادت اور یومِ عرفہ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے اطراف و اکناف میں خصوصی تقاریب کا انعقاد ہوا؛ اس سلسلے کے بڑے اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں منعقد ہوئے۔

جن دیگر مقامات پر اس سلسلے میں مجالسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا ان میں خاص طور پر امام باڑہ گامدو اور امام بارہ بونہ محلہ نوگام شامل ہیں؛ ان مقامات پر دن بھر مرثیہ خوانی کی گئی اور دعائے عرفہ کا اہتمام کیا گیا۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت مسلم ابن عقیل ؑکے کردار و عمل پر روشنی ڈالی اور یوم عرفہ کی فضیلت بیان کی یوم عرفہ کی روحانی عظمت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ یوم عرفہ اسلامی تعلیمات میں نہایت مقدس، بابرکت اور روحانی فیوض و برکات کا حامل دن ہے۔

جموں وکشمیر؛ سفیر حسین حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے یومِ شہادت اور یومِ عرفہ کی مناسبت سے اجتماعات:حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کا سانحہء شہادت معرکہء کربلا کا سرنامہ، آقا سید حسن

انہوں نے کہا کہ یہ دن توبہ، استغفار، محاسبۂ نفس، تزکیۂ نفس اور بارگاہ الٰہی میں عاجزی و انکساری کے اظہار کا دن ہے، جس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے دروازے اپنے بندوں کیلئے وسیع طور پر کھلے رہتے ہیں۔

انہوں نے دعائے عرفہ امام حسینؑ کی معنوی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دعا معرفت الٰہی، شکرگزاری، بندگی، عاجزی، روحانی بیداری اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے اعتراف کا ایک عظیم درس اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر نے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ یومِ عرفہ کے بابرکت موقع سے بھرپور استفادہ کریں، عبادات، دعا، استغفار اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور امت مسلمہ کے اتحاد، امن، عدل و انصاف اور مظلوم انسانیت کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

حضرت مسلم ابن عقیل ؑکے سفارتی مشن اور دلدوز شہادت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے اپنے عمو زاد بھائی کو صرف اس مقصد کے لیے کوفہ روانہ کیا کہ وہ اہل کوفہ کی طرف سے موصول عہد و پیمان وفا پر مبنی ہزاروں خطوط کی اصلیت جان سکیں، لیکن عین عرفہ کے روز یزیدی حکومت کے کارندوں نے حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کو مسجد کوفہ کے بلند قامت گنبد سے گرا کر درجہ شہادت پر پہنچایا۔

آغا سید حسن نے کہا کہ حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کا سانحہ شہادت معرکہ کربلا کا سرنامہ اور سفارت کاری کی تاریخ کا کرب ناک باب ہے۔

اس موقع پر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جمہوریہ اسلامی ایران کے شہید رہبر حضرت آیت اللہ خامنہ ایؒ اور ایران اسلامی کے دیگر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ علی خامنہ ای کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایرانی قوم کی استقامت، بصیرت اور دشمنان اسلام کے مقابلے میں ثابت قدمی کو سراہا۔

آغا حسن نے کہا کہ ملت ایران نے ہمیشہ اسلام، مقاومت اور حق و عدالت کے دفاع میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے ایرانی قیادت، افواج اور عوام کی کامیابی، سلامتی اور دشمنان اسلام کے خلاف فتح و نصرت کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha