جمعرات 14 مئی 2026 - 19:08
صرف وہی دوسروں کی اصلاح کر سکتا ہے جو خود پہلے اپنی اصلاح کرے: تحریک شیخ زکزاکی

حوزہ/ نائیجیریا میں شیخ زکزاکی کی تحریک کے زیرِ اہتمام دو روزہ تربیتی اجلاس کے اختتام پر خطاب میں کہا گیا کہ معاشرے میں فساد کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان پہلے خود اپنی اصلاح کرے، ورنہ وہ دوسروں کی ہدایت نہیں کر سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع الشباب (نوجوانوں کی تنظیم) کی طرف سے شیخ سید ابراہیم یعقوب زکزاکی کی زیرِ قیادت 'فنتوا' علاقے میں دو روزہ تعلیمی و ثقافتی اجلاس 'تودون ایا' شہر میں اختتام پذیر ہوا۔ اس اجلاس میں نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے اور ان میں فکری تربیت پیدا کرنے پر کام کیا گیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عاشرو عبداللہ فنتوا نے کہا کہ شیخ زکزاکی کو اللہ نے یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ معاشرے میں پھیلے ہوئے فساد کو ختم کرنا ہے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ لوگ اسی راستے پر چلیں جو نبی کریم (ص) نے اپنے صحابہ کو سکھایا۔ کیونکہ جب تک انسان خود پہلے درست نہیں ہو جاتا، وہ دوسروں کی اصلاح نہیں کر سکتا۔

انہوں نے نوجوانوں کو خود انحصاری کا سبق دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تحریک میں چلنے کے لیے سب سے ضروری چیز خود کفیل ہونا ہے۔ انسان جب مجبور ہو کر دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہے تو اسے ذلت اٹھانی پڑتی ہے۔ اسی ذلت سے بہت سے فتنے اور جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔

شیخ فنتوا نے حجاب اور اسلامی لباس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر عورتیں شرعی حجاب اور باوقار لباس اپنائیں گی تو معاشرہ بے حیائی اور فحاشی سے بچا رہے گا۔ نامناسب لباس اور حجاب میں لاپروائی زمین پر اخلاقی فساد پھیلانے والی بڑی وجوہات میں سے ہے۔

انہوں نے سب سے اہم پیغام یہ دیا کہ دشمنوں کی سازش ہے کہ مسلمان متحد نہ ہوں۔ انہیں ہمیشہ ڈر رہتا ہے کہ کہیں مسلمان ایک نہ ہو جائیں۔ مسلمان متحد ہو جائیں تو طاقتور ہو جاتے ہیں، اور دشمن کمزور پڑ جاتے ہیں۔

اس سے پہلے استادہ نورا عیسیٰ باکوری نے موضوع "اخلاق: نوجوانوں کا تحریک کا پیغام پہنچانے کا سب سے اہم ذریعہ" پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہادِ نفس (اپنی خواہشات سے لڑنا) تلوار کے جہاد سے زیادہ بڑا اور مشکل ہے۔ جس طرح جسم کو کھانے کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح روح کو بھی غذائیت درکار ہوتی ہے۔ جب روح پاکیزہ ہو جائے تو انسان انبیاء اور داعیانِ الٰہی کے اخلاق سے آراستہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تم خود اپنے آپ کو بدل سکتے ہو تو دوسروں کو بھی بدل سکتے ہو۔ لیکن اگر خود اصلاح شدہ نہیں ہو تو دوسروں کی اصلاح کرنا ناممکن ہے۔

اس موقع پر نوجوانوں کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ بھی ہوا جو 1-1 سے برابر رہا، اور تربیتی کورسز مکمل کرنے والے نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha