اتوار 21 دسمبر 2025 - 15:32
قم المقدسہ میں شیخ ابراہیم زکزاکی کی نائجیرین طلاب سے ملاقات، اخلاص کے ساتھ تحصیل علم اور خدمت دین پر زور

حوزہ/ تحریکِ اسلامی نائجیریا کے ممتاز رہنما حجت الاسلام و المسلمین شیخ ابراہیم زکزاکی نے شہرِ قم میں حوزۂ علمیہ کے طلبہ اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے اسٹوڈنٹس کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے خالص نیت کے ساتھ علم حاصل کرنے، دینی شناخت کے تحفظ اور سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ اسلامی نائجیریا کے ممتاز رہنما حجت الاسلام و المسلمین شیخ ابراہیم زکزاکی نے شہرِ قم میں حوزۂ علمیہ کے طلبہ اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے اسٹوڈنٹس کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے خالص نیت کے ساتھ علم حاصل کرنے، دینی شناخت کے تحفظ اور سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر زور دیا۔

اس ملاقات میں شیخ ابراہیم زکزاکی نے تحصیل علم کی معنوی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اسی وقت حقیقی اثر رکھتی ہے جب وہ اخلاص اور رضائے الٰہی کے حصول کے لیے ہو۔ انہوں نے کہا کہ علم اگر نیتِ الٰہی کے ساتھ نہ ہو تو وہ نہ فرد کی اصلاح کا سبب بنتا ہے اور نہ ہی معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

شیخ زکزاکی نے طلبہ اور اسٹوڈنٹس کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پر لازم ہے کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ اپنی دینی اور اخلاقی شناخت کی حفاظت کرے اور معاشرے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے تاکید کی کہ علم، تعہد اور الٰہی اقدار کا باہمی ربط ہی ایک بیدار اور باوقار امت کی تشکیل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حوزۂ علمیہ کے طلبہ اور یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کو چاہیے کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی، تربیتی اور ثقافتی میدان میں بھی فعال رہیں، تاکہ اسلامی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کیا جا سکے اور امت کو درپیش چیلنجز کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

قابلِ ذکر ہے کہ یہ ملاقات ایک عظیم بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بعد انجام پائی، جو دنیا بھر میں امام خمینیؒ کے افکار اور ان کے راستے کی ترویج میں خدمات انجام دینے والوں کی تجلیل کے لیے منعقد کی گئی تھی، اور جسے "پہلا عالمی امام خمینیؒ ایوارڈ" کا عنوان دیا گیا تھا۔

ملاقات کے اختتامی حصے میں شیخ ابراہیم زکزاکی نے تواشیح گروہ «أبناء روح‌الله» کی جانب سے پیش کیے گئے انقلابی و روحانی کلام کو سراہا اور ان کی دینی و ثقافتی خدمات کی قدردانی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha