منگل 19 مئی 2026 - 20:49
آیت الله رئیسی ایک بے باک، دیانتدار، عوام دوست اور اسلام محمدی ؐ کے سچے علمبردار رہنما تھے: آقا سید حسن موسوی

حوزہ/انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے شہید خدمت آغا سید ابراہیم رئیسی کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بے باک، دیانتدار، عوام دوست اور اسلام محمدی ؐ کے سچے علمبردار رہنما تھے؛ جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملت اسلامیہ، محروم و مظلوم طبقات اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے صدر آقا سید حسن موسوی نے اپنے ایک تعزیتی و یادگاری بیان میں کہا کہ شہید آغا سید ابراہیم رئیسی کی ناگہانی شہادت نہ صرف ملت ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید رئیسی نے بحیثیت صدر جمہوریہ ایران عالمی سطح پر حق و انصاف، مقاومت اور مظلوم اقوام کی حمایت میں جراتمندانہ موقف اختیار کیا اور ہمیشہ استکباری طاقتوں کے خلاف مضبوط آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید رئیسی کی شخصیت اخلاص، سادگی، خدمت خلق اور دینی وابستگی کا حسین امتزاج تھی۔ ان کی عوامی خدمات، اسلامی انقلاب کے اصولوں سے وفاداری اور شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای ؒ کی قیادت سے عملی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

آغا سید حسن موسوی الصفوی نے مزید کہا کہ شہید رئیسی نے اپنی سیاسی و انتظامی ذمہ داریوں کو عبادت سمجھ کر انجام دیا اور ملت ایران کی ترقی، استحکام اور خود مختاری کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مخلص اور باکردار رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کے سنہرے صفحات میں محفوظ رہتی ہیں۔

انہوں نے شہدائے سانحۂ ہیلی کاپٹر، بالخصوص وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رفقاء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ملت ایران کو ان کے مشن پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha