ہفتہ 14 مارچ 2026 - 20:28
کرگل: انجمنِ صاحب الزمانؑ سورو کی جانب سے عالمی یومِ القدس ریلی / امریکی و اسرائیلی مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے، رہبرِ معظم سے تجدیدِ عہد

حوزہ/ انجمنِ صاحب الزمانؑ سورو کے زیر اہتمام ۲۳ رمضان المبارک کو عالمی یومِ القدس کے موقع پر ایک عظیم الشان عوامی جلوس نکالا گیا، جس میں دور دراز علاقوں کے عوام نے شرکت کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کیے اور رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت سے تجدید عہد کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ صاحب الزمانؑ سورو کے زیر اہتمام عالمی یومِ القدس کے موقع پر ۲۳ رمضان المبارک کو ایک عظیم الشان عوامی جلوس نکالا گیا۔ دور دراز علاقوں کے عوام نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے اپنے دیہات سے جلوس برآمد کیے، جو بالآخر مرکزی امام بارگاہ حسینیہ (چھوبر) کے دعا خانہ میں یکجا ہوئے۔

شرکائے جلوس نے اس موقع پر رہبرِ معظم آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت سے تجدید عہد کرتے ہوئے عالمی استکبار، بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

نماز جمعہ سے قبل دعائے ندبہ آغا سید مہدی رضوی نے پڑھائی اور امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور کے لیے دعا کی۔ ساتھ ہی جمہوریہ اسلامی ایران، تمام مستضعفین عالم اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز جمعہ کے خطبے حجت الاسلام والمسلمین آغا سید عباس رضوی نے دیے۔ اپنے خطبے میں انہوں نے جمہوریہ اسلامی ایران اور رہبرِ انقلاب اسلامی کے لیے دعا کی اور امریکہ و اسرائیل کے مظالم کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

نماز کے بعد یومِ القدس کے جلوس کا اہتمام کیا گیا، جس کی بہترین تنظیم بسیج بقیۃ اللہ انجمنِ صاحب الزمان ٹنگول کے نوجوانوں نے کی۔ جلوس کی نظامت آخوند ایوب نے نہایت احسن انداز میں انجام دی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا جوادی نے حاصل کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید عین الہدیٰ حسینی صاحب نے رہبرِ معظم کی بصیرت افروز قیادت اور امام حسین علیہ السلام کی سیرتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی شیخ حسین رئیسی نے بھی خطاب کرتے ہوئے یومِ القدس کی دینی و سیاسی اہمیت اور امتِ مسلمہ کے لیے اس کے پیغام کو واضح کیا۔

جلوس میں اہل سنت برادری کی جانب سے سید مبارک شاہ صاحب نے بھی شرکت کی اور اتحادِ بین المسلمین کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

آخر میں آغا سید عباس رضوی نے تمام شرکاء، بسیج بقیۃ اللہ انجمنِ صاحب الزمان اور بسیج فاطمہ انجمن صاحب الزمان کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ ایت اللہ العظمی سید علی خامنائی مدظلہ الاعلی کے لیے انجمنِ صاحب الزمان کی جانب سے سانکو اور تیسرُو میں مسلسل فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ جلوس کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha