جمعہ 13 مارچ 2026 - 21:39
یوم القدس کا سب سے بڑا جلوس بڈگام میں آغا سید حسن کی قیادت میں برآمد ہوا / فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے جمعۃ الوداع اور عالمی یوم القدس کے موقع پر وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے اجتماعات، نماز جمعہ اور جلوس ہائے قدس منعقد کیے گئے۔ ان اجتماعات اور ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے جمعۃ الوداع اور عالمی یوم القدس کے موقع پر وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے اجتماعات، نماز جمعہ اور جلوس ہائے قدس منعقد کیے گئے۔ ان اجتماعات اور ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا، امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ اور استعماری پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج درج کیا اور اس موقع پر رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی کے ساتھ اپنی بیعت و وفاداری کی تجدید کا اعلان بھی کیا۔

اس سلسلے میں بڈگام، حسن آباد سرینگر، یاگی پورہ ماگام، چاڈورہ، سٹھسو کلان، نوگام سوناواری، سونہ پاہ بیروہ، اندرکوٹ سمبل، چھترگام، صوفی پورہ پہلگام اور وکھرون پلوامہ سمیت متعدد مقامات پر جلوس ہائے قدس برآمد کیے گئے جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جمعۃ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا جہاں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی اقتدا میں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔

نماز جمعہ کے بعد ان کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس قدس برآمد کیا گیا جو اولڈ بس سٹینڈ بڈگام تک پہنچا جہاں اپنے خطاب میں آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ جمعۃ الوداع محض ایک مذہبی دن نہیں بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور مظلوموں کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بانی امام خمینیؒ نے عالمی یوم القدس کا اعلان کر کے دراصل پوری امت مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس کی بازیابی مسلمانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے موجودہ عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جارحیت کے مقابلے میں جس استقامت، جرأت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑا ہے وہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی سب سے بڑی طاقت اس کی عوام ہیں اور ایرانی عوام کی بھرپور حمایت نے موجودہ اسلامی نظام کو ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ ایرانی قوم کی غیر متزلزل حمایت اور انقلابی شعور نے امریکہ اور اسرائیل کی تمام سازشوں اور ناپاک منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے اور یہی عوامی پشت پناہی آج اسلامی جمہوریہ ایران کے استحکام اور قوت کا سب سے بڑا سرچشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی مزاحمتی حکمت عملی اور عوامی عزم نے عالمی استکبار کے منصوبوں کو تہس نہس کر دیا ہے ۔

آغا حسن نے مزید کہا کہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر انتخاب دراصل انقلاب اسلامی کے تسلسل، نظام ولایت کی قوت اور امت مسلمہ کی سیاسی بصیرت کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای دامت برکاتہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی بیعت و وفاداری کا اعلان کیا اور کہا کہ شیعیان کشمیر ہمیشہ نظام ولایت کے ساتھ اپنی وابستگی کو باعث فخر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ ایران اس معرکۂ حق و باطل میں سرخرو ہوگا اور استکباری قوتوں کے ناپاک عزائم شکست سے دوچار ہوں گے۔

دریں اثنا قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں بھی ہزاروں افراد نے نماز جمعہ ادا کی جس کی امامت حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے کی۔ نماز جمعہ کے بعد ایک عظیم الشان یوم القدس ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے کہا کہ یوم القدس دراصل مظلوم اقوام کے عزم مزاحمت اور استکباری قوتوں کے خلاف عالمی بیداری کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ہمیشہ عالم اسلام میں فتنہ، جنگوں اور سازشوں کو ہوا دی ہے اور یہی قوتیں خطے میں بدامنی اور تنازعات کی اصل جڑ ہیں۔ آغا مجتبیٰ عباس نے کہا کہ جب تک اسرائیل کا ناجائز وجود باقی رہے گا تب تک عالم اسلام کو درپیش بہت سے مسائل اور تنازعات کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے یہ تصور کر رکھا تھا کہ ایران کمزور ہو جائے گا اور مزاحمتی محاذ منتشر ہو جائے گا، لیکن ایران کی قیادت اور عوام نے جس بے مثال حوصلے، جرأت اور استقامت کے ساتھ اس چیلنج کا سامنا کیا ہے اس نے دشمنوں کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی مضبوط حمایت نے اسلامی جمہوریہ ایران کو ایسی قوت عطا کی ہے جس کے سامنے امریکہ اور اسرائیل کی سازشیں ناکام ہوتی جا رہی ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے اعلان کیا کہ شیعیان کشمیر ولی فقیہ حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی کے ساتھ اپنی بیعت اور عہد وفاداری کی تجدید کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ نظام ولایت و مرجعیت کے ساتھ اپنی وابستگی کو مزید مضبوط بناتے ہوئے مظلوم اقوام بالخصوص فلسطین کی آزادی اور استکباری قوتوں کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha