اتوار 15 مارچ 2026 - 02:54
حیدرآباد میں عالمی یومِ قدس کانفرنس کا انعقاد

حوزہ/ حیدرآباد میں عالمی یومِ قدس کانفرنس 2026 کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء اور شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بیت المقدس (القدس) کی آزادی کے لیے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد، تنظیمِ جعفری کی جانب سے 12 مارچ 2026ء بمطابق 22 ماہِ رمضان المبارک 1447ھ کو میڈیا پلس آڈیٹوریم، حیدرآباد میں عالمی یومِ قدس کانفرنس 2026 کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء اور شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بیت المقدس (القدس) کی آزادی کے لیے امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔

یہ کانفرنس سیّدُ الاعلام حجۃ الاسلام مولانا سیّد تقی رضا عابدی (صدر تنظیمِ جعفری و رکن حج کمیٹی تلنگانہ) کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی۔ جبکہ پروگرام کی نظامت اور خطاب سیّد علی نقی موسوی (جنرل سکریٹری تنظیمِ جعفری) نے انجام دیا۔

کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب قونصل آغا محسن مقدمى نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر جن ممتاز شخصیات نے شرکت کی ان میں جناب سیّد فخرالدین علی احمد (سیکریٹری ملی امور، جماعتِ اسلامی تلنگانہ)، جناب محمد رحیم اللہ خان نیازی (سابق چیئرمین اردو اکیڈمی تلنگانہ و آندھرا پردیش، بی آر ایس ترجمان تلنگانہ)، مولانا مجاہد ہاشمی صاحب، مولانا سیّد لیاقت حسین رضوی مختار پاشا، پروفیسر انور خان (سابق پرنسپل انور العلوم کالج)، صاحبزادہ جناب سیّد مدثر حسین صاحب، جناب حافظ عبد الرحمن، جناب تمجید حیدر (سابق پی آر او قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران)، قاری منیر احمد صاحب اور نعت خواں یوسف خان اعجاز حمیدی شرفی شامل ہیں۔

اپنے خطاب میں مولانا سیّد تقی رضا عابدی نے کہا کہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لیے تمام مسلم مکاتبِ فکر کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ امریکہ اور اسرائیل ان کی حفاظت نہیں کریں گے بلکہ اپنے مفادات کے لیے انہیں استعمال کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب مسلمان دوبارہ مسجد الاقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔

کانفرنس سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے بھی اسرائیل کی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔

اس موقع پر سیّد علی نقی موسوی نے بھی خطاب کرتے ہوئے مسئلۂ القدس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور آیت اللہ سیّد علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے انہیں “شہیدِ قدس” قرار دیا۔

کانفرنس کے اختتام پر فلسطین کی آزادی، مسجد الاقصیٰ کی حفاظت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha