جمعہ 13 مارچ 2026 - 22:34
پاکستان بھر میں فلسطین اور ایران کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں / امت مسلمہ اتحاد سے صہیونی سازشیں ناکام بنادے گی، علامہ راجہ ناصر عباس

حوزہ/ پاکستان بھر میں فلسطین اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے گئے، جب کہ اسلام آباد میں مرکزی ریلی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے ڈی چوک تک نکالی گئی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کسی صورت امریکی آماجگاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اس موقع پر رہبرِ معظم شہید سید علی خامنہ ای کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ مظاہرین نے احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد جمعۃالوداع کے موقع پر منائے جانے والے عالمی یوم القدس کے حوالے سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امریکہ اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطین و اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے گئے۔

القدس ریلیوں کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او، تحریک بیداری امت مصطفیٰ، شیعہ علماء کونسل، جانثاران اہلبیت اور جے ایس او سمیت دیگر ملی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی سے قائد حزب اختلاف سینیٹ وچیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت، آغا محمد شفاء نجفی، عارف حسین واحدی، انجینئر محمد تقی، سروش علی، سید زاہد کاظمی اور اظہر عابدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا، آخر میں فلسطین اور ایران کی حمایت میں قراردادیں پیش کی گئیں اور امریکی واسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیئے گیے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ پاکستان کو امریکی سامراج کی آماجگاہ نہیں بننے دے گی اور امت مسلمہ اتحاد کے ذریعے صہیونی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کے بعد ایران پر جارحیت نے مشرق وسطیٰ کو جنگ کی آگ میں دھکیل دیا ہے، تاہم ایرانی عوام اپنے رہبر اعلیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مقررین نے رہبر معظم شہید سید علی خامنہ ای کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملت اسلامیہ کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان سے ٹرمپ کے نام نہاد امن بورڈ سے پاکستان کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا اور قرار دیا کہ جمہوری اسلامی ایران کے خطے میں موجود امریکی اڈوں پر حملے حق بجانب اور درست ہیں اس لیے کہ ان شیطانی اڈوں سے ہی ایران پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران معصوم بچوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha