حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ساتویں بین الاقوامی کانفرنس برائے قدس شریف کے نام اپنے پیغام میں خطے کی موجودہ صورتحال، صہیونی جارحیت اور امت مسلمہ کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ یہ کانفرنس مجمع عالمی "قادمون" کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ محاذ مقاومت کے مجاہدین صہیونیت اور امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں کے مقابلے میں استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس مزاحمت کو عالم اسلام کی معاصر تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدوجہد ظلم اور استکبار کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے ایک حصے میں انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینیؒ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور رہبر شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت کو امت مسلمہ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی استکبار کے مقابلے میں امت کی رہنمائی کا تاریخی کردار ادا کیا۔
آیت اللہ اعرافی نے صہیونی حکومت اور اس کے امریکی و مغربی حامیوں کی پالیسیوں کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طاقتیں جھوٹے نعروں کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں، مگر حقیقت اب دنیا کے سامنے واضح ہو چکی ہے۔
انہوں نے بعض اسلامی حکومتوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ کچھ مسلم ممالک اپنے وسائل اور سہولیات دشمن کو فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ دوسرے مسلمانوں پر حملہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات امت مسلمہ کے لیے باعث شرم ہیں، کیونکہ ان کے نتیجے میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام ہو رہا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے قرآن کریم کی آیت “اُذِنَ لِلَّذِينَ يُقَاتَلُونَ بِأَنَّهُمْ ظُلِمُوا” (سورہ حج، آیت 39) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر مسلمان اقوام کو اپنے دفاع کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدا پر ایمان کے ساتھ ظلم کے خلاف باعزت جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔
انہوں نے عالمی یومِ قدس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کو مسجد الاقصیٰ کی آزادی کے مقصد پر متحد کرتا ہے۔ ان کے مطابق فلسطین کی آزادی ایک دینی اور انسانی فریضہ ہے اور اس مقصد کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
پیغام کے آخر میں آیت اللہ اعرافی نے واضح کیا کہ فلسطین فلسطینی عوام کی سرزمین ہے اور صہیونی غاصب کو بالآخر اس خطے سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے عراق، لبنان، فلسطین اور یمن میں اسلامی مقاومت کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعا کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران خلیج فارس کے اسلامی ممالک کو اپنا بھائی سمجھتا ہے، تاہم انہیں اس بات پر تشویش ہے کہ بعض ممالک کی زمین اور فضائی حدود کو امریکہ اور اسرائیل ایران کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی ملک نے اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف حملے کے لیے استعمال ہونے دیا تو ایسے اڈے ایران کی مسلح افواج کے لیے جائز ہدف بن جائیں گے۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس یقین کا اظہار کیا کہ حق اور مقاومت کا محاذ بالآخر کامیاب ہوگا اور اللہ تعالیٰ مجاہدین کو سربلندی عطا فرمائے گا۔









آپ کا تبصرہ